پی ٹی آئی حکومت میں پہلی بار ملک بغیر قرضے لئے ترقی کر رہا ہے:حلیم عادل شیخ
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدرحلیم عادل شیخ نےکہا ہےکہ پی ٹی آئی کی حکومت میں پہلی بارملک بغیرقرضےلئےترقی کررہا ہے، حکومت نے گزشتہ چار ماہ سے کوئی قرضہ نہیں لیااور نہ ہی نئی کرنسی چھاپی گئی ہے، پچھلی حکومت کی جانب سے لئے گئے قرضے بھی پی ٹی آئی کی حکومت اتار رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کر رہا ہے،پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ نواز کی حکومت میں عوام کے نام پرقرضے لیکر کرپشن کی گئی جن کی سزا اُن کو آج مل رہی ہے،صوبےمیں گندم کی قلت کی ذمہ دار پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت ہے، پیپلزپارٹی کی حکومت نے عوام کو گمراہ کیا ہے، پچھلے سال سندھ حکومت نے گندم کی ایک بوری بھی نہیں خریدی جس کے نتیجے میں سندھ میں آٹا مہنگا ہوگیا ہے، منافع خوروں کے خلاف سندھ حکوت کوئی کارروائی کرنے کو تیار نہیں ہے سارا ملبہ وفاقی حکومت پر ڈال کر عوا م کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری پنجاب میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے سے پہلے سندھ کی عوام کے مسائل حل کرائیں، جہاں ان کی حکومت نے عوام کو ایڈز زدہ بنا دیا ہے، تعلیم، صحت سمیت تمام بنیادی سہولیات ناپید ہوچکی ہیں،سندھ کی عوام کو پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت میں بنیادی سہولیات تک میسر نہیں،عوام سراپا احتجاج ہیں، بلاول زرداری پہلے سندھ کی عوام میں جائیں اور ان کا رد عمل بھی دیکھ لیں۔