کیا اسلام آباد سے دھرنا ختم ہوگیا؟ مولانا فضل الرحمان نے مبہم اعلان کردیا

کیا اسلام آباد سے دھرنا ختم ہوگیا؟ مولانا فضل الرحمان نے مبہم اعلان کردیا
کیا اسلام آباد سے دھرنا ختم ہوگیا؟ مولانا فضل الرحمان نے مبہم اعلان کردیا

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بدھ کے روز سے پلان بی پر عملدرآمد کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں جاری آزادی مارچ کا دھرنا پلان اے ہے اور بدھ سے پلان بی پر عملدرآمد شروع ہوگا۔  جے یو آئی سربراہ نے اسلام آباد میں جاری دھرنے کے مستقبل کے حوالے سے مبہم اعلان کیا ہے اور کارکنوں کو دھرنا ختم کرنے یا جاری رکھنے کے حوالے سے واضح پیغام نہیں دیا ہے ۔

آزادی مارچ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کل تک ہم یہیں رہیں گے ، گھروں میں نہیں جانا۔ یہ مارچ پلان اے ہے جس کے بعد پلان بی شروع ہوگا، ہم آگے جائیں گے ، پلان بی سے تمام جماعتیں اپنے کارکنوں کو آگاہ کردیں گی، پلان بی پر عمل ہوگیا تو حکومت کیلئے سنبھلنا مشکل ہوجائے گا۔

انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ ہم اس پلان پر رہتے ہوئے پلان بی پر عمل کریں گے، اعلان ہوتے ہی آپ کے قافلے پلان بی پر چلیں گے۔ انہوں نے کارکنوں سے پلان بی کیلئے گھروں سے نکلنے کی اپیل کی اور کہا کہ ہم نے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہونا ہے، ہم نے گھروں میں نہیں جانا بلکہ میدان میں رہنا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے اپنے کارکنوں سے کہا کہ ہر محاذ پر آپ کے شانہ بشانہ ایک سپاہی کی طرح رہوں گا ، یاد رکھو قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا، یاد رکھو آئین کو اپنے ہاتھ میں نہیں لینا، تصادم سے اپنے آپ کو بچانا ہے، ہم نے پر امن رہنا ہے کیونکہ پر امن جدو جہد جو مقاصد مہیا کرتی ہے وہ تشدد کی سیاست نہیں کرتی، آپ نے دنیا کو پیغام دیا ہے کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور سیاسی جدو جہد کرنا جانتے ہیں۔

مزید : Breaking News /اہم خبریں /قومی