دولہا کو ڈانس کرتے دیکھ کر دلہن نے شادی سے ہی انکار کردیا
بریلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر بریلی میں دولہا کے ناگن ڈانس کرنے پر دلہن نے عین موقع پر شادی سے انکار کردیا۔
بریلی میں ایک شادی کی تقریب کے دوران دولہا دلہن نے ہندو رسم کے مطابق ایک دوسرے کو ور مالا پہنائی جس کے بعد دولہا اتنا زیادہ خوش ہوا کہ اس نے اسی جگہ ناگن ڈانس شروع کردیا۔ دلہن نے اپنے ہونے والے شوہر کا نامناسب رویہ دیکھا تو موقع پر ہی شادی سے انکار کردیا۔
بات شادی سے انکار پر ہی نہیں رکی بلکہ جب دلہن نے اپنا فیصلہ سنایا تو دولہا نے طیش میں آکر اسے تھپڑ جڑ دیا۔ دولہا نے اسے ڈانس فلور سے ہٹانے والے دلہن کے رشتے داروں کے ساتھ بھی بدتمیزی کی۔
دلہن کے بھائی کا کہنا ہے کہ شادی کی تقریب میں دولہا کا رویہ انتہا درجے کا بدتمیزانہ تھا، تقریب کے دوران جو کچھ ہوا وہ کسی صورت بھی قابل قبول نہیں تھا، میری بہن نے شادی سے انکار کیا تو برادری کے دباﺅ کے باوجود ہم گھر والے اپنی بہن کے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہوئے۔
تفتیشی افسر وپن سنگھ کا کہنا ہے کہ انہیں شادی میں گڑ بڑ کی اطلاع ملی تھی جس پر وہ فوری طور پر موقع پر پہنچے۔ پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی اطراف کے بڑوں نے بیٹھ کر معاملہ سلجھا لیا تھا ۔ دولہا نے تحریری طور پر لکھ کر دیا ہے کہ وہ جہیز کا سامان 14 نومبر تک واپس کردے گا۔