ملک کو دیوالیہ پن کا شکار کرنے والے ناتجربہ کار حکمران پاکستان کی بقاء اور سالمیت کیلئے خطرہ بن چکے ہیں:مولانا عبدالواسع
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ قوم مزید جھوٹ سننے کیلئے تیار نہیں،غربت کی لکیر کے نیچے زندگی گزارنے والے عوام نااہل حکمرانوں کو کوئی فیس سیونگ دینے کیلئے تیار نہیں،درجن سے زیادہ وزراء پر مشتمل مسخرہ ٹیم حکومتی وسائل کے بل بوتے پر ٹی وی چینلز کی سکرین پر اخلاقیات کی دھجیاں اڑا رہے ہیں،سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صحت پر نازیبا اور دل شکن تبصروں سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یہ حکومت اخلاق اور سنجیدگی سے عاری اور قومی روایات سے کتنی دور ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ میں لاکھوں افراد ملک کو غیر جمہوری اور غیر مہذب افراد سے پاک کرنے کیلئے اپنے موقف پر چٹان کی طرح مضبوطی سے ڈٹے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہمارے اکابرین نے لوگوں کی عیاشی اور مسخرہ ومذاق کیلئے نہیں بنایا بلکہ ایک نظریہ کے تحت معرض وجود میں لایا گیا ،اسی نظریے کے بچاؤ کی خاطر قوم کسی طالع آزما کو برداشت نہیں کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ اور رہبر کمیٹی میں تمام بالغ نظر سیاسی جماعتوں کی نمائندگی موجود ہے، ان کے فیصلوں کی روشنی میں تحریک اپنے مقاصد کے حصول میں آگے بڑھتی جائے گی،ملک کو دیوالیہ پن کا شکار کرنے والے ناتجربہ کار حکمران پاکستان کی بقاء اور سالمیت کیلئے خطرہ بن چکے ہیں، ان کا اعلی مناصب سے ہٹانا ضروری ہے، اس سلسلے میں آزادی مارچ اپنے مقاصد کے حصول کی جانب گامزن ہے۔