زمبابوے کے خلاف کامیابی، بابر اعظم کی نئی ذمہ داریاں!

زمبابوے کے خلاف کامیابی، بابر اعظم کی نئی ذمہ داریاں!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


زمبابوے کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان مکمل ہو گیا،اس دوران تین ایک روزہ بین الاقوامی اور تین ٹی20- میچ کھیلے گئے، پاکستان ٹیم نے دونوں سیریز جیت لیں، ایک روزہ میچوں میں وائٹ واش نہ ہو سکا اور زمبابوے نے تیسرا میچ سپر اوور میں جیت لیا۔ یوں یہ سیریز1-2 سے پاکستان کے نام رہی،تاہم ٹی20- میں نوجوان کھلاڑی وائٹ واش کا ہدف پورا کرنے میں کامیاب ہو گئے اور گذشتہ روز راولپنڈی سٹیڈیم میں ہونے والا آخری میچ بھی آٹھ وکٹ سے جیت لیا۔اِس سیریز میں کرکٹ بورڈ نے متعدد نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا کہ زمبابوے کے خلاف یہ آزمائش ممکن تھی، نوجوان کھلاڑی بھی توقعات پر پورا ہی اُترے ہیں اور یہ احساس ہوتا ہے کہ اگر بورڈ نے تربیت کے لئے کوئی موثر اور بہتر انتظام کر لیا تو ٹیم کو کئی ہونہار باؤلر اور  بلے باز میسر آ جائیں گے اور یہ ٹیم ایک بار پھر دُنیا کی بہترین ٹیموں ہی میں شمار ہو گی۔ایک روزہ اور ٹی20- میچوں میں قیادت کے فرائض بلے باز بابر اعظم نے انجام دیئے،جن کی کارکردگی مثالی ہے اور انہوں نے کپتانی بھی اچھی کی،اس کا صلہ ان کو ٹیسٹ کرکٹ کا کپتان نامزد کر کے دیا گیا۔وہ دسمبر میں ہونے والے نیوزی لینڈ کے دورے میں ٹیسٹ میچوں کی بھی قیادت کریں گے، بابر اعظم سابق کیپٹن سرفراز احمد کے بعد دوسرے نوجوان کھلاڑی ہیں،جو  اب تینوں قسم کی کرکٹ کے کپتان ہوں گے۔بابر اعظم نے قیادت ملنے پر تشکر کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ  وہ بہتر کارکردگی کی بھرپور کوشش کریں گے، ان سے پہلے ٹیسٹ کرکٹ کی قیادت اظہر علی کر رہے تھے۔ دورہ انگلینڈ میں بورڈ حکام اور ٹیم مینجمنٹ ان کی کارکردگی سے خوش اور مطمئن نہیں تھے، اب خود انہوں نے بھی بابر اعظم کے حق میں کسی اعتراض کے بغیر دستبرداری اختیار کر لی ہے، ان کا کہنا ہے کہ وہ قیادت کے بوجھ سے نجات کے بعد اپنی بیٹنگ پر بھرپور توجہ دے سکیں گے، جہاں ان کی ایوریج بہتر ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے دو بار تینوں فارمیٹ کے لئے الگ الگ اور ایک ہی کپتان کے تجربے کئے، الگ الگ قیادت والا تجربہ ناکام رہا، شاید تین مختلف کھلاڑیوں پر اتفاق مشکل ہوتا ہے، اب پھر سے تمام ذمہ داری بابر اعظم پر ہے۔ توقع ہے کہ وہ اپنی کارکردگی کو بھی متاثر نہیں ہونے دیں گے،ان کی اس قیادت پر ایک سابق کھلاڑی نے اعتراض کیا،حالانکہ وہ سرفراز احمد کی حمایت کرتے رہے ہیں۔بہرحال شائقین مطمئن اور بابر اعظم کے ساتھ ساتھ ٹیم کے لئے بھی دُعا گو ہیں۔

مزید :

رائے -اداریہ -