پاکستان آئی ایم ایف مذاکرات، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان

Nov 12, 2024 | 12:33 AM

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) نجی ٹی وی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی ایم ایف نے حکومت سے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کی شرح میں اضافے کا مطالبہ کردیاہے۔ 

"آج نیوز" کے مطابق پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ کے درمیان مذاکرات شروع ہوگئے ہیں اورپہلے روز ٹیکنیکل سطح پر ہوئی بات چیت میں ہی پاکستان کو پیٹرولیم مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس عائد کرنے کے علاوہ لیوی بھی 70 روپے کرنے کی تجویز دے دی گئی ہے۔ اس وقت صفر جی ایس ٹی عائد ہے، پیٹرولیم مصنوعات پر 60 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی وصول کی جا رہی ہے، جسے بڑھا کر 70 روپے کرنے کا امکان ہے۔آئی ایم ایف کی ٹیم ناتھن پورٹر کی سربراہی میں پاکستان پہنچی اور پہلے دن ٹیکنیکل سطح پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایم ایف ٹیم سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو ، وزارت خزانہ، سٹیٹ بینک اور وزارت توانائی کے حکام نے ملاقات کی۔اس موقع پرایف بی آر کے اہداف میں کمی کو پورا کرنے پر بات چیت ہوئی، اس کے علاوہ انرجی سیکٹر کی اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔پیٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے،

واضح رہے کہ آئی ایم ایف کا وفد 15 نومبر تک پاکستان میں رہے گا، جسے پہلی سہ ماہی کی معاشی کارکردگی پر بریفنگ دی جائے گی۔

مزیدخبریں