قومی ٹیم میں حارث رؤف کو کس انوکھے نام سے پکارا جاتا ہے؟
کنبرا (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر اور آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں بہترین کھلاڑی قرار پانے والے حارث رؤف کا نیا'نِک نیم' سامنے آگیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے ون ڈے میں شکست دیتے ہوئے 22 سال بعد آسٹریلوی سرزمین پر ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کی ہے جس کا سہرا پاکستانی باولرز کے سر جاتا ہے ۔گرین شرٹس کی جانب سے حارث رؤف نے تینوں میچز میں شاندار کارکردگی دکھائی اور مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔
سیریز جیتنے کے بعد قومی فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے حارث رؤف سے خصوصی گفتگو کی جسے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا۔
اس گفتگو کی خاص بات یہ بھی تھی کہ اس میں شائقین کو پتا چلا کہ حارث رؤف کو ٹیم میں ایک انوکھے نام سے پکارا جاتا ہے۔گفتگو کے آغاز میں شاہین نے حارث کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ آج میرے ساتھ ہیں 'حارث 150'۔شاہین نے بتایا کہ ہم حارث کو اس کی بولنگ کی اسپیڈ کی وجہ سے 150 بلاتے ہیں۔
شاہین سے گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف نے شاندار کارکردگی اور سیریز جیتنے پر اللہ کا شکر ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ 22 سال بعد آسٹریلیا کے خلاف اس کے میدان میں سیریز جیتنا بہت بڑی بات ہے، یہ جیت ہمارے لیے بہت اہم ہے۔ٹیم کے اندر ایک اچھا ماحول بنا ہوا ہے۔
آسٹریلوی بیٹر میکسویل کو سیریز کے تینوں میچز میں آؤٹ کرنے پر بات کرتے ہوئے حارث نے کہا کہ اس کے خلاف کوئی خاص منصوبہ نہیں تھا،میکسویل جس طرح کا بیٹر ہے اسے آؤٹ کرکے اعتماد ملتا ہے۔
شاہین نے حارث سے پوچھا کہ سیریز میں آپ کی فیورٹ وکٹ کونسی تھی؟ جس پر جواب دیتے ہوئے حارث نے بتایا کہ میکسویل اور مارنس لبوشین کی وکٹ فیورٹ تھی۔