بھارتی ٹیم کے سابق کھلاڑی کے بیٹے نے اپنی جنس تبدیل کروا لی، سوشل میڈیا پر ہنگامہ
نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت کے سابق کرکٹر اور کوچ سنجے بنگر کا بیٹا آریان ہارمونز ریپلیسمنٹ آپریشن کرواکے لڑکی بن گیا ہے۔ اُس نے حال ہی میں اپنی نئی زندگی کی تصویریں انسٹا گرام پر اپ لوڈ کیں مگر بعد میں اُنہیں ڈیلیٹ کردیا۔ اُس نے ایک ریل بھی اپ لوڈ کی تھی لیکن یہ بھی بعد میں ڈیلیٹ کردی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی سابق کوچ کے23 سالہ بیٹے آریان نے اپنے پیغام میں تبدیلی جنس کے سفر کو بیان کیا کہ کس طرح وہ اپنے ہارمونز ریپلیسمنٹ آپریشن کے ذریعے لڑکی بن گیا اور اس نے اپنا نام ’ انایا‘ رکھا ہے۔ تبدیلی کا یہ سفر دس ماہ پر محیط ہے۔
آریان (انایا) اب انگلینڈ میں صنعتوں کے مرکز مانچسٹر میں رہتا ہے۔ اس نے انسٹا گرام پر مہیندر سنگھ دھونی اور وِراٹ کوہلی کے ساتھ تصویریں بھی شیئر کی تھیں۔آریان (انایا) نے بتایا ہے کہ اُسے غیر معمولی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ میدان میں پریکٹس کے دوران بھی اُس کا تمسخر اڑایا جاتا تھا۔ لوگ اُس کے بارے میں ججمنٹ دیتے نہیں تھکتے تھے۔
انایا کا کہنا ہے کہ کھیلوں سے ہٹ کر بھی اُس کا سفر انتہائی دشوار رہا ہے۔ اُسے اپنے وجود کو نئے سِرے سے تلاش کرنا پڑا۔اس عمل میں اُسے غیر معمولی چیلنجز کا سامنا رہا۔ لوگ مذاق اڑاتے تھے، طنز کرتے تھے۔ اس کے نتیجے میں اُسے اپنی زندگی کے حوالے سے مشکل فیصلے کرنا پڑے۔انایا نے لوکل کلب کرکٹ میں اسلام جِم خانہ کی نمائندگی کی ہے۔ علاوہ ازیں اِس لیفٹ آرم بیٹر نے لیسٹر شائر کے ہِنکلے کرکٹ کلب کی بھی نمائندگی کی ہے۔
نومبر 2023 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اعلان کیا کہ ویمین کرکٹ میں ٹرانس جینڈر کرکٹرز کو حصہ لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
آئی سی سی کے سی ای او جیوف ایلرڈِس کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد کھیلوں کے حوالے سے خواتین کے حقوق کا خیال رکھنا اور اُن کی سلامتی یقینی بنانا ہے۔ انایا نے انسٹا گرام پر ایک طویل پوسٹ میں آئی سی سی کے نئے رول پر شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے۔