کراچی، ویمن پولیس سٹیشن بلا کر بیٹی سمیت برہنہ کرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، خاتون کا الزام

Nov 12, 2024 | 11:25 PM

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) شہر قائد میں ویمن پولیس سٹیشن میں مبینہ طور پر دو خواتین کو بلا کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا ۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق متاثرہ خاتون کرن ناز نے اپنے ساتھ پیش آئے واقعے کے حوالے سے ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ ویمن پولیس سٹیشن عقوبت خانہ بن گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مجھے اور بیٹی کو تھانے بلاکر کئی گھنٹے لاک اپ میں بند کر کے تشدد کیا گیا۔ متاثرہ کا دعویٰ ہے کہ اوباش نوجوان  گھر میں داخل ہوئے، ہمیں یرغمال بنا کر تشدد کرتے رہے جس سے ہماری گردن اور ہاتھ لہو لہان ہوگئے۔متاثرہ خاتون کے مطابق اوباش نوجوان نے لیاقت آباد ویمن پولیس کی مدد سے ہمیں تھانے بلوایا،  تھانے میں ہماری  بات سننے کے بجائے مجھے اور میری بیٹی کو لاک اپ کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کئی گھنٹے حبس بے جا میں رکھا گیا جبکہ تشدد کے دوران مجھے اور بیٹی کو برہنہ کیا گیا۔

خاتون کا دعویٰ ہے کہ ہمارے ساتھ جنگی قیدیوں کا سلوک کیا گیا۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے اور ملزمان و ملوث افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

مزیدخبریں