لاہور چیمبر 21اکتوبر کو "شکایات کے ازالے" کے دن کے طور پر منائے گا

لاہور چیمبر 21اکتوبر کو "شکایات کے ازالے" کے دن کے طور پر منائے گا

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری 21اکتوبر کو "شکایات کے ازالے" کے دن کے طور پر منائے گا جس کا مقصد لاہور چیمبر کے ممبران کو درپیش مسائل سے آگاہی ، اُن کے حل کے لیے اقدامات اٹھانا اور کاروباری ماحول بہترین بنانا ہے۔ اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری، سینئر نائب صدر میاں طارق مصباح اور نائب صدر کاشف انور کے ہمراہ صبح گیارہ بجے سے دوپہر ایک بجے تک لاہور چیمبر کے ممبران کی شکایات سنیں گے اور اُن کے ازالے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے شکایات کے ازالے کا دن منانے کا بنیادی مقصد لاہور چیمبر کے ممبران کی حوصلہ افزائی کرنا ہے کہ وہ اپنی کاروباری مشکلات کو دور کرنے کے لیے یہ بڑا پلیٹ فارم استعمال کریں۔ اس ضمن میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ ممبران کو درپیش مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عموماً کسی تاجر یا تجارتی تنظیم کو جب کوئی بڑا مسئلہ درپیش ہوتا ہے تو اُسے صحیح آگاہی نہیں ہوتی کہ اس سلسلے میں کس سے رابطہ کیا جائے لہذا لاہور چیمبر اُن کی مدد کرے گا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ممبران کی شکایات سن کر متعلقہ محکمے کے نمائندوں کو لاہور چیمبر مدعو کرکے مسائل کے لیے تجاویز پیش کرے گا۔

 انہوں نے کہا کہ ممبران کے مسائل کے حل کے لیے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو بھی بھرپور طریقے سے استعمال کیا جائے گا۔ انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ ہر ماہ کے پہلے اور تیسرے سوموار کو شکایات کے ازالے کا دن منایا جائے گا۔ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سالانہ اجلاس عام کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ لاہور چیمبر کے ممبران کی شکایات سننے کے لیے "شکایات کے ازالے"کا دن منایا جائے گا۔

مزید : کامرس