پچاس نئی پری فیزیلیٹی سٹڈیز کو انٹرنیٹ پر حیران کن پذیرائی مل رہی ہے‘سمیڈا

پچاس نئی پری فیزیلیٹی سٹڈیز کو انٹرنیٹ پر حیران کن پذیرائی مل رہی ہے‘سمیڈا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( کامرس رپورٹر)سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کی طرف سے وزیر اعظم کی سمال بزنس لون سکیم برائے نو جوانان کیلئے تیار کی جانے والی پچاس نئی پری فیزیلیٹی سٹڈیز کو انٹرنیٹ پر حیران کن پذیرائی مل رہی ہے۔ سمیڈا کی ویب سائٹ www.smeda.org.pk کے ریکارڈ کے مطابق پانچ اکتوبر سے گیارہ اکتوبر تک کے ایک ہفتے کے دوران ملک کے مختلف شہروں سے مذکورہ پری فیزیلیٹی سٹڈیز کیلئے کل 30,749 ڈاﺅن لوڈ ریکارڈ کیے گئے ہیں۔جن میں سے 5550 ڈاﺅن لوڈ لاہور سے، 2532فیصل آباد سے،1401 کراچی سے، 1837 ملتان سے، 2851 راولپینڈ ی سے،853 اسلام آباد سے ، 654گوجرانوالہ سے ، 616اوکاڑہ سے ، 512سرگودھا سے ، 452قصور سے اور 332 پشاور سے کئے گئے ہیں۔جبکہ دیگر شہروں اور قصبوں سے سمیڈا کی پری فیزیبلیٹی سٹڈیز کیلئے کل 13159ڈاﺅن لوڈ ریکار ڈ کئے گئے ہیں۔ سمیڈا کی طرف سے تشکیل دی جانے والی ان پچاس پری فیزیبلٹی سٹڈیزمیں سے 13 کا تعلق خدمات کے شعبہ سے، دس کا تعلق ڈیری اینڈ لائیو سٹاک کے شعبہ سے اور چار کا تعلق ہارٹیکلچرکے شعبہ سے ہے ۔
جبکہ ایگری پراسیسنگ اور ماربل کے شعبوں سے متعلق تین تین اور کنسٹرکشن، معدنیات، فشریز اور ٹیکسٹائل کے شعبوں سے متعلق دو دو اور کیمیکل، توانائی، فوڈ، فرنیچر او ر لیدرشعبوں سے متعلق ایک ایک پری فیزیبلٹی سٹڈ ی شامل ہے۔
تاہم سمیڈا نے واضح کیا ہے کہ سمیڈا نے مذکورہ پری فیزیبلٹی سٹڈیز وزیر اعظم سکیم سے استفادہ کے خواہشمند نوجوانوںکی سہولت کیلئے مرتب کی ہیں ۔ لیکن اس ضمن میں قرضوں کے اجراءکی ذمہ داری نیشنل بنک آف پاکستان اور فرسٹ ویمن بنک کی ہے۔اور وزیر اعظم کی طرف سے سکیم کے باقاعدہ افتتاح کے بعد قرضہ کے درخواست فارم مذکورہ بنکوں کی نامزد شاخوں پر دستیا ب ہونگے۔سمیڈا نے یہ بھی واضح کیا کہ وزیر اعظم کی سمال بزنس لون سکیم صرف سمیڈا کی تیار کردہ پچاس کاروباری منصوبوں تک محدود نہیں۔ مذکورہ سکیم سے استفادہ کے خواہشمند نوجوان اپنی دلچسپی کے کسی بھی قابل عمل بزنس پلان کیلئے قرضہ کی درخواست دے سکتے ہیں۔یاد رہے کہ وزیر اعظم پاکستان نے قومی بجٹ 2013-14 کے تحت نوجوانوں میں چھو ٹے کاروباروںکو فروغ دینے کیلئے 5 ارب روپے کی رقم سے قرضہ سکیم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس سکیم کے تحت چھوٹے کاروبار شروع کرنے کے خواہشمندایک لاکھ نوجوانوں کو 8 فیصدی کے رعائتی مارک اپ پر آسان قرضے فراہم کئے جائیں گے۔
 

مزید :

کامرس -