بھارت کو دہشتگرد ملک قرار دیا جائے، صاحبزادہ حامد رضا
لاہور ( سٹاف رپورٹر) چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامدرضا کی اپیل پر سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے خلاف ملک گیر ”یوم احتجاج“ منایا گیا اور جمعہ کے اجتماعات میں علمائے اہلسنّت نے پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے خلاف تقریریںکیں۔
اور بھارت مخالف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں شادباغ میں مفتی محمد حسیب قادری، ٹھوکر نیاز بیگ میں پیر محمد اطہرالقادری اور اچھرہ میں مفتی محمد کریم خان کی قیادت میں مظاہرے کئے گئے۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے مرکزی سنی رضوی مسجد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت افغانستان کے راستے بلوچستان میں مداخلت کر رہا ہے اور بھارتی خفیہ ایجنسی را بلوچ علیحدگی پسندوں کو ہتھیار اور پیسہ فراہم کر رہی ہے۔ بھارت کو دہشت گرد ملک قرار دیا جائے کیونکہ بلوچستان کی بدامنی میں بھارت کا براہ راست ہاتھ ہے۔