روپے کی قدر میں زبردست کمی کی تحقیقات کرائی جائیں،ملک طاہر جاوید

روپے کی قدر میں زبردست کمی کی تحقیقات کرائی جائیں،ملک طاہر جاوید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر)پیاف نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گزشتہ ہفتے روپے کی قدر میں زبردست گراوٹ کی اعلی سطح پر تحقیقات کرائی جائے کیونکہ یک لخت پاکستانی کرنسی میں اس قدر کمی سے ملکی اقتصادیات کو بھاری نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے جمعہ کے روز جاری کردہ اپنے بیان میں پیاف کے چیئرمین ملک طاہر جاوید نے گورنر سٹیٹ بنک کے اقدام کو قابل تحسین قرار دیا کہ جس کے ذریعے انہوں نے مداخلت کرکے ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت کو روک دیا تاہم پیا ف کے چیئرمین نے کہا کہ برق رفتاری سے اوپر جاتے ڈالر کی مصنوعی پرواز کی وجوہات کا پتہ ضرور لگایا جائے اور ان سے بزنس کمیونٹی کو آگاہ کیا جائے تاکہ کاروبار ی فضا سے خوف اور اندیشوں کے بادل چھٹ سکیں انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں بے تحاشا اضافے سے ملکی معیشت کے متعدد شعبوں کو نقصانات پہنچنے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں جان لیوا مہنگائی کا نیا چکر شروع ہو چکا ہے اور یہ ایسا چکر ہے کہ ڈالر اگر واپس آ جاتا ہے پھر بھی اشیا کی قیمتیں نیچے نہیں آئیں گی ملک طاہر جاوید نے کہا کہ ڈالر سے کھیلنے والے مافیا نے ایک دن میں اربوں روپے کما لیے ہیں جبکہ کاروباری طبقہ کو غیر ملکی معاہدوں کی تکمیل میں بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے اس لیے پیاف کے چیئرمین نے کہا کہ جب تک ڈالر کی بلندیوں کی وجوہات کا کھوج نہیں لگایا جاتا اور کاروباری طبقہ کو ان سے آگاہ نہیں کیا جاتا اس وقت تک غیر ملکی گاہکوں کے ساتھ کاروبار کرنے میں خوف کا سایہ ان کے سروں پر منڈلاتا رہے گا ملک طاہر جاوید نے کہا کسی ملک کی کرنسی کا اتار چڑھاو مارکیٹ احساسات و عوامل کے ذریعے ہوتا ہے لیکن ڈالر کو موجودہ بلندیوں تک مفاد پرست افواہ سازوں نے پہنچایا ہے -