نئے چیئرمین نیب چودھری قمرالزمان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا

نئے چیئرمین نیب چودھری قمرالزمان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا

            اسلام آباد(این این آئی) نئے چیئرمین نیب چودھری قمرالزمان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ۔جمعہ کو قومی احتساب بیورو کے چیئرمین چودھری قمر زمان نیب ہیڈکوارٹر پہنچے جہاں انہوں نے نیب کے سینئر افسران سے ملاقات کی اس موقع پر حکام نے چیئر مین نیب کو تفصیلی بریفنگ دی ۔چیئرمین نیب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے اس کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق چیئر مین نیب نے کہاکہ وہ قوم کی ملک سے کرپشن سے خاتمہ کی امنگوں کو پورا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریںگے احتساب پر قوم کا اعتماد بحال کرنا ہے تو کسی بھی شخصیت سے متاثر ہوئے بغیر ماضی کے کیسوں کو کھولنا ہوگا‘ ہم کرپشن کے ناسور میں بری طرح جکڑے ہوئے ہیں‘ کرپشن کے خاتمہ کے لیے قانون کی حکمرانی قائم کرنا، تادیبی کاروائیوں کو یقینی بنانا اور قوانین پر موثر علمدرآمد کرنا ضروری ہے۔ چودھری قمر الزمان نے کہا کہ وہ اپنا کام متوازن طریقے سے آگے بڑھائینگے اور انکے کام میں کسی ایک طرف جھکاﺅ نظر نہیں آئیگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ وہ کسی بھی شخصیت سے متاثر ہوئے بغیر تمام پرانے کیسز کھولیں گے، لوٹی ہوئی قومی دولت وصول نہ کی تو قوم کا اعتماد کیسے بحال ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے غربت کا خاتمہ کرنا ہے تو پہلے کرپشن کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ سابق چیئرمین نیب ایڈمرل ریٹائرڈ فصیح بخاری کی تقرری 28 مئی کو سپریم کورٹ نے غیر قانونی قرار دی تھی جس کے بعد سے یہ عہدہ خالی تھا۔

مزید : صفحہ اول