نارمل پاسپورٹ 10، ارجنٹ 4 دن میں ملے گا، ستر ہزار اسلحہ لائسنس منسوخ کر دیئے، انسانی سمگلنگ کے ملزم دہشت گردوں سے ملے ہوئے ہیں: چوہدری نثار

نارمل پاسپورٹ 10، ارجنٹ 4 دن میں ملے گا، ستر ہزار اسلحہ لائسنس منسوخ کر دیئے، ...
نارمل پاسپورٹ 10، ارجنٹ 4 دن میں ملے گا، ستر ہزار اسلحہ لائسنس منسوخ کر دیئے، انسانی سمگلنگ کے ملزم دہشت گردوں سے ملے ہوئے ہیں: چوہدری نثار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ اب نارمل پاسپورٹ 10 اور ارجنٹ پاسپورٹ 4 دنوں میں تیار کر کے ڈاک کے ذریعے گھر پہنچایا جائے گا، انسانی سمگلنگ میں ملوث 95 افراد کو بلیک لسٹ کر دیا گیا، غیر قانونی سمیں دہشت گردی کی بڑی وجہ ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 2,000 سے زائد سرکاری پاسپورٹ منسوخ کر دیئے، اب نارمل پاسپورٹ 10 اور ارجنٹ پاسپورٹ 4 دنوں میں تیار ہو گا اور لوگوں کے گھر پہنچایا جائے گا جبکہ ایس ایم ایس کے ذریعے بھی پاسپورٹ تیار ہونے کی تصدیق کی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزم پاکستان کی بدنامی کا باعث ہیں، یہ بہت بڑے ڈان اور دہشت گردوں سے ملے ہوئے ہیں، انسانی سمگلنگ میں ملوث 95 افراد کو بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے جبکہ 26 افراد گرفتار کئے گئے ہیں۔ چوہدری نثار نے کہا کہ 70,000 اسلحہ کے لائسنس بغیر شناختی کارڈ کے جاری ہوئے جنہیں منسوخ کر دیا ہے تاہم مکمل دستاویزات والے لائسنس کو کچھ نہیں ہو گا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بدعنوانی کے 4 بڑے کیسز پر تحقیقات تیز کر دیں گے جبکہ 5 کیسز کی نگرانی وہ خود کریں گے، نیب، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل اور ایف آئی اے بدعنوانی کے خلاف آگاہی مہم چلائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان کا معاملہ انتہائی حساس مسئلہ ہے، وہ عید کے بعد طالبان کے حوالے سے گفتگو کریں گے۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سوشل میڈیا کی سروسز بند کرنے کے حق میں نہیں، اس معاملے پر سندھ حکومت کے خط کا جواب جلد دے دیا جائے گا۔ ایف آئی اے کی مشرف سے تحقیقات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ مشرف کی گرفتاری ایف آئی اے کی تحقیقات میں رکاوٹ ہے، مشرف جیسے ہی رہا ہوئے، ایف آئی اے ان سے تحقیقات کرے گی، تحقیقات سے متعلق فوج یا کسی کا دباﺅ نہیں۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ غیر قانونی سمیں دہشت گردی کی بڑی وجہ ہیں، اسلام آباد میں داخلے کیلئے ای ٹیگ نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔