رعایتی نرخوں پر لیزر لیولر زکے حصول کےلئے درخواستیں 31 اکتوبرتک جمع کرائی جا سکتی ہیں

رعایتی نرخوں پر لیزر لیولر زکے حصول کےلئے درخواستیں 31 اکتوبرتک جمع کرائی جا ...

راولپنڈی(اے پی پی) محکمہ زراعت پنجاب نے زرعی پیداوار میں اضافہ کےلئے صوبہ بھر میں کسانوں/زرعی خدمات فراہم کرنے والے افراد کو لیزر لیولرز رعایتی نرخوں پر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ رعایتی نرخوں پر لیزر لیولرز کے حصول کےلئے درخواستیں 31 اکتوبر تک وصول کی جائیں گی۔ محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے منصوبہ کے تحت سال 2014-15 ءکے دوران پنجاب میں 289 لیزر لیولرز یونٹس کی خریداری پر حکومت پنجاب کی طرف سے کاشتکاروں کو 2 لاکھ 25 ہزار روپے فی لیزر یونٹ مالی معاونت فراہم کی جا ئے گی۔ جس کے حصول کے لئے مجوزہ درخواست فارم ضلعی آفیسر / نائب ضلعی آفیسر (اصلاح آبپاشی) کے دفتر سے مفت حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

علاوہ ازیں محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹ www.ofwm.agripunjab.gov.pk سے ڈاﺅن لوڈ بھی کئے جا سکتے ہیں۔ ترجمان نے درخواست کےلئے شرائط کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ اس منصوبہ کے تحت لیزر یونٹس حاصل کرنے کےلئے درخواست دہندہ کے پاس لیزر لیولر کو چلانے کے لئے ذاتی ٹریکٹر ہونا لازمی ہے۔ درخواست دہندہ کا ملکیتی رقبہ ساڑھے 12 ایکڑ سے زائد نہ ہو اور ترجیحی طور پر زرعی مشینری کی خدمات کرایہ پر دے رہا ہو۔ اپنے علاقہ میں ہمواری زمین بذریعہ لیزر ٹیکنالوجی کی خدمات فراہم کرنے کےلئے متفق ہو اور منصوبہ کی مدت کے دوران سالانہ 300 ایکڑ زمین کی ہمواری کی خدمات کےلئے تیار ہو۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ایسے کاشتکار جنہوں نے اس سکیم کے تحت پہلے درخواست جمع کرائی تھی مگر ان کا نام قرعہ اندازی میں نہیں نکلا انہیں دوبارہ درخواست دینے کی ضرورت نہیں ان کی پہلے والی درخواست ہی قرعہ اندازی میں شامل کر لی جائے گی۔

مزید : کامرس