ایشین گیمز میں ہاکی ٹیم ناقص پلاننگ کے سبب ہاری ،حنیف خان

ایشین گیمز میں ہاکی ٹیم ناقص پلاننگ کے سبب ہاری ،حنیف خان

کراچی(آن لائن) قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان، کوچ اور چیف سلیکٹر حنیف خان نے کہا ہے کہ ایشین گیمز میں قومی ہاکی ٹیم کی شکست ناقص پلاننگ کا نتیجہ ہے، ٹور نامنٹ میں ٹیم کی مجموعی پر فار منس میں بہتری نظر آئی ، تاہم فائنل میں پاکستان کے کھلاڑی ایک گول کی برتری حاصل کر نے کے بعد دفاعی ہوگئے، انہیں جار حانہ حکمت عملی کے تحت کھیلنا چاہئے تھا جس سے بھارتی ٹیم دباﺅ میں آسکتی تھی، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فائنل کے تیسرے اور چوتھے کوارٹر میں قومی کھلاڑیوں نے پنلٹی پر جانے کا فیصلہ کر لیا تھا جس کا خمیازہ انہیں ناکامی کی صورت میں بھگتنا پڑا،انہوں نے کہا کہ آخری دونوں کوارٹر میں ٹیم انتظامیہ کو کھلاڑیوں کو جار حانہ کھیلنے کا مشورہ دینا چاہئے تھا، جس سے ایک گول اور ہوسکتا تھا، پہلے گول کے خسارے میں جانے کے بعد بھارتی ٹیم نہ صرف دباﺅ میں تھی بلکہ پاکستان کا ایک گول انہیں مزید مشکلات سے دوچار کرسکتا تھا، پاکستانی کھلاڑیوں میں منصوبہ بندی کی کمی دکھائی دی، حنیف خان نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ ایک طرف پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کھلاڑیوں کو سال بھر سے سینٹرل کنکٹریکٹ کی رقم نہیں دی ہے۔

 اور دوسری طرف ایشین گیمز میں پی ایچ ایف نے فوج ظفر موج کو سیر کے لئے انچیون بھوایا ، ان اخراجات سے کھلاڑیوں کے مالی مسائل کو حل کیا جاسکتا تھا، انہوں نے کھلاڑیوں کا بیرون ملک لیگ کھیلنے کے لئے این او سی جاری نہ کر نے پر بھی دکھ کا اظہار کیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی