چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کا 8 کنال کے گھر میں رہنے سے انکار
لاہور ( وقائع نگار)متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق نے ادارے کو کرپشن سے پاک کرنے اور سادگی کی مثال قائم کرنے کیلئے چیئرمین کیلئے مختص 8 کنال کے وسیع و عریض گھر میں رہائش اختیار کرنے سے انکار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق صدیق الفاروق نے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد جب متروکہ وقف املاک کے بارے میں بریفنگ لی تو انہیں بتایا گیا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کے قریب چیئرمین کیلئے 8 کنال کا ایک وسیع و عریض گھر موجود ہے اور اس گھر میں پیپلز پارٹی کے رہنما سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ آصف ہاشمی 4 سال سے زائد وقت تک رہائش پذیر رہے ہیں۔ بریفنگ کے بعد صدیق الفاروق نے کہاکہ وہ اسلام آباد میں بھی 10 مرلہ کے گھر میں رہتے تھے جو 7 سال میں تعمیر ہوا تھا لیکن مشرف دور میں مالی مشکلات کے باعث اس گھر کو فروخت کر دیا تھا اور اب ایک کرائے کے گھر میں رہائش پذیر ہوں میں قومی خزانے کی حفاظت کرنے کیلئے آیا ہوں قومی خزانے کو اڑانے کیلئے عہدہ حاصل نہیں کیا۔8 کنال کے گھر میں نہیں رہوں گا میرے لئے لاہو رمیں 10 مرلے کا ایک گھر حاصل کیا جائے او راس 8 کنال کے گھر کو کسی ادارے کو کرائے پر دیا جائے اور جو بھی آمدن ہو وہ متروکہ وقف املاک کے خزانے میں جمع کرا دی جائے اس طرح ماہانہ لاکھوں روپے کی بچت ہو گی۔ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں متروکہ وقف املاک کے حکام اس گھر کو کرائے پر دینے کیلئے اخبارات میں باقاعدہ اشتہار دیں گے اور صدیق الفاروق کیلئے 10 مرلہ کا کم کرائے والا گھر بھی آئندہ چند روز میں حاصل کر لیا جائیگا۔
صدیق الفاروق