ملتان، پی ٹی آئی کے کارکنان کی جاوید ہاشمی کی گاڑی پر لاتوں مکوں کی بارش،داغی داغی کے نعرے
ملتان(اے این این) جاوید ہاشمی کی تحریک انصاف کے کارکنان کی نماز جنازہ میں شرکت،واپسی پر پی ٹی آئی کے کارکنان نے گھیرے میں لے لیا،گاڑی پر لاتوں مکوں کی بارش،باغی کے نعرے،پولیس کی درخواست کے باوجود شاہ محمود قریشی نے کارکنان کو روکنے کے لئے مداخلت نہیں کی،پولیس اور مسلم لیگ(ن) کے کارکنان نے گاڑی کو حفاظتی حصار میں لے کر ہاشمی کو چنگل سے نکالا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو جاوید ہاشمی نے گزشتہ روز تحریک انصاف کے جلسے کے اختتام پر بھگدڑ میں جاںبحق ہونے والے تحریک انصاف کے کارکنان معاویہ حسن اور محمد سلیمان کی نمازجنازہ میں شرکت کی ،نمازجنازہ میں شاہ محمود قریشی، این اے 149 سے آزاد امیدوار عامرڈوگر اور تحریک انصاف کے مقامی قائدین بھی شریک ہوئے۔نمازجنازہ میں شرکت کے بعد جاوید ہاشمی جیسے ہی اپنی گاڑی میں بیٹھ کر روانہ ہونے لگے تو وہاں موجود تحریک انصاف کے کارکنان کی بڑی تعدادنے جاوید ہاشمی کی گاڑی کو گھیرے میں لے لیا اور لاتوں اور مکوں کی بارش شروع کردی ۔تحریک انصاف کے کارکنان اس موقع پر داغی ،داغی کے نعرے بھی لگاتے رہے۔صورتحال کشیدہ ہونے پر پولیس حکام نے شاہ محمود قریشی سے رابطہ کرکے درخواست کی کہ وہ اپنے کارکنان کو منع کریں اور جاوید ہاشمی کو جانے دیاجائے تاہم شاہ محمود قریشی تماشہ دیکھتے رہے اور پولیو کے ساتھ تعاون سے انکار کرتے ہوئے اپنی گاڑی میں بیٹھ کر نکل گئے۔عامر ڈوگر اور تحریک انصاف کے دیگر رہنماءبھی شاہ محمود قریشی کے ہمراہ چلے گئے کسی نے تحریک انصاف کے کارکنان کو روکنے کی کوشش نہیں کی ۔اس موقع پر پولیس اور مسلم لیگ ن کے کارکنان نے جاوید ہاشمی کی گاڑی کو حصار میں لے کر بحفاظت نکال دیا۔
جاوید ہاشمی