پالپا کی ہڑتال ،قومی ایئر لائن کو کروڑوں روپے کا نقصان ،بیرون ملک جرمانوں کا خدشہ

پالپا کی ہڑتال ،قومی ایئر لائن کو کروڑوں روپے کا نقصان ،بیرون ملک جرمانوں کا ...
پالپا کی ہڑتال ،قومی ایئر لائن کو کروڑوں روپے کا نقصان ،بیرون ملک جرمانوں کا خدشہ

  

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک ) اپنے مطالبات نہ مانے پر پالپا کی جانب سے اپنائی گئی گو سلو پالیسی کے باعث قومی ایئر لائن کو کروڑوں روپے کے نقصان کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ، سینئر پائلٹس نے پالپا کے احکامات کو ماننے سے گریز کرتے ہوئے تاخیر کے با وجود فلائٹس کو آپریٹ کیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ایئر لائن پائلٹس ایسو سی ایشن (پالپا ) نے اپنے مطالبات نہ مانے جانے پر پائلٹس کو پروازیں لے جانے سے روکنے کے لےے ان پر دباﺅ ڈالنا شروع کر دیا ہے جس کے بعد قومی ایئر لائن کئی انٹر نیشنل فلائٹس منسوخ کر دی گئی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی کوپن ہیگن،اوسلو،بارسلونااوردبئی کی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں اور ان فلائٹس کے 750مسافر پی آئی اے کے خر چے پر ہوٹلوں میں مقیم ہیں ۔ سینیئر پائلٹ نے پالپا کی فلائٹس آپریٹ نہ کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے تاخیر کے باوجود اپنی پروازوں کو آپریٹ کیا ہے ۔سینئر پائلٹس نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ فارن الاﺅنس بوئنگ 777کے پائلٹس کا مسئلہ ہے ،پالپا فلائٹس کو روکنے کے لیے فرسٹ آفیسرز پر دباﺅ ڈال رہی ہے ۔ پالپا کی ہٹ دھرمی کے با عث بیرون ملک جانے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے اور ذرائع کے مطابق کئی ممالک کی ایئر پورٹ اتھارٹیز نے پروازوں میں تاخیر کا نوٹس لے لیا ہے اور اس بات کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ان ایئر پورٹس کی انتظامیہ کی جانب سے قومی ایئر لائن پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔

مزید : کراچی /اہم خبریں