پاسٹک کے زیر اہتمام آئی ٹی اور کمپیوٹر سے متعلق آلات برائے سائنس و تعلیم نمائش 17 نومبرکو ہو گی

پاسٹک کے زیر اہتمام آئی ٹی اور کمپیوٹر سے متعلق آلات برائے سائنس و تعلیم ...

اسلام آباد (اے پی پی)پاکستان سائنٹیفک اینڈ ٹیکنالوجیکل سنٹر (پاسٹک) کے زیر اہتمام آئی ٹی اور کمپیوٹر سے متعلق آلات برائے سائنس و تعلیم 2017ء نمائش 17 سے 19 نومبر تک پاک چائنہ فرینڈشپ سنٹر میں منعقد ہو گی۔ اس قومی نمائش کے بنیادی مقاصد میں جدید انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز، جدید پراجیکٹس اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے لوگوں کو اکٹھا کرنا شامل ہے۔ نمائش میں 150 سے زائد مصنوعات اور پراجیکٹس اور جدید تخلیقات کی نمائش کی جائے گی۔ نمائش سے عام لوگوں، پیشہ ور افراد بالخصوص طلباء کے علم میں اضافہ ہو گا۔ نمائش کے چیدہ سٹالز میں کمپیوٹر کا سامان، سافٹ ویئر، تعلیمی اشیاء اور جدید تخلیقات شامل ہوں گی۔

اس نمائش کے ساتھ ساتھ سیمینار، کانفرنس اور ورکشاپ کا انعقاد بھی ہو گا جس میں انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز کے مختلف موضوعات پر سیر حاصل بحث ہو گی۔ اس نمائش کے اختتام پر بہترین آئیڈیا اور بہترین سٹال والے افراد کو ایوارڈ سے بھی نوازا جائے گا۔ نمائش کو کامیاب بنانے کیلئے گورنمنٹ اور پرائیویٹ سیکٹرز بالخصوص پاکستان اوپن سورس فاؤنڈیشن، پاکستان کمپیوٹر سوسائٹی، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انٹرپرینیورشپ، پاکستان انفارمیشن سیکورٹی ایسوسی ایشن، ٹرن اور اراؤنڈ مینجمنٹ ایسوسی ایشن پاکستان اور دوسرے تعلیمی ادارے بھرپور حصہ لیں گے۔

مزید : کامرس


loading...