ممبرخواتین کی مہارتوں میں اضافے کیلئے سیمینار اور ورکشاپس کروائی جائینگی: فیصل آبادوومن چیمبر

ممبرخواتین کی مہارتوں میں اضافے کیلئے سیمینار اور ورکشاپس کروائی جائینگی: ...

فیصل آباد (بیورورپورٹ) فیصل آباد وومن چیمبرکی ممبروں کی کاروباری مہارتوں کو جلا بخشنے کیلئے مختلف موضوعات پر سیمینار اور ورکشاپس منعقد کی جائیں گی۔ یہ بات فیصل آباد وومن چیمبر کی صدر روبینہ امجد نے ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آبا د خواتین کی ایک بڑی تعداد کاروبار کے شعبہ سے وابستہ ہیں مگر انہیں سماجی اور معاشرتی رویوں کی وجہ سے اپنی پوری صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کا موقع نہیں مل رہا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں منظم اور غیر منظم شعبہ میں کام کرنے والی خواتین کا ڈیٹا تیار کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا منظم سیکٹر میں کام کرنیوالی خواتین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے کاروبارپرتوجہ دینے کے ساتھ ساتھ غیر منظم شعبہ میں کام کرنے والی خواتین کیلئے بھی آسانیاں پیدا کرنے میں ان کا ہاتھ بٹائیں۔ انہوں نے کہا کہ گھروں میں بیٹھ کر کام کرنے والی خواتین کی دستکاریوں اور مصنوعات کو خریداروں تک پہنچانے کیلئے وو من چیمبر رابطے کا بھی کردار ادا کریگا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ای کامرس اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے نئے نظام کا بھی جائزہ لیا جارہے جس کے ذریعے گھریلو سطح پر تیار ہونے والی دستکاریوں کو آن لائن سسٹم کے ذریعے بین الاقوامی خریداروں تک بھی پہنچایا جا سکے گا۔ تاکہ خواتین کو انکی مصنوعات کی بہتر قیمت مل سکے۔ وومن چیمبر کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اگر چہ ابھی یہ چیمبر اپنے ابتدائی مراحل طے کر رہا ہے لیکن اس کی عہدیداروں اور ایگزیکٹو ممبروں کو سخت محنت کرنا ہوگی تاکہ اس کو آنے والی نسلوں کیلئے ایک موثر ، محترک اور فعال ایڈووکیسی پلیٹ فارم بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں نوجوان لڑکیوں کیلئے رول ماڈل کا کردار ادا کرنا ہوگا۔ تاکہ وہ بھی آنے والے وقتوں میں کامیاب بزنس انٹرپرنیوئرزبن سکیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ٹیوٹا سمیت دیگرتکنیکی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم خواتین پر بھی توجہ دینی چاہیے تاکہ وہ نوکریوں کی کی تلاش کی بجائے اپنے کاروبار شروع کر کے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ ایگزیکٹو کمیٹی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ اس کا اجلاس ہر ماہ ہو گا جبکہ چیمبر کی عہدیدار وقتاً فوقتاً وومن چیمبر کا دورہ کر کے اس کے معاملات کو چلائیں گی۔ مسز روبینہ امجد نے بتایا کہ فوری طور پر وومن چیمبر کی پانچ قائمہ کمیٹیاں قائم کی جارہی ہیں جبکہ بعد میں ہر شعبہ اور سیکٹر کیلئے الگ الگ کمیٹیاں بھی قائم کی جائیں گی۔ ایگزیکٹو کمیٹی نے شہر کی سوشل کارپوریٹ سرگرمیوں میں بھی بھر حصہ لینے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ ٹیوٹا میں زیر تعلیم خواتین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔ اس اجلاس سے سنیئر نائب صدر محترمہ ہانیہ جاوید ، نائب صدرمحترمہ عروہ نبیل کے علاوہ جنرل سیکرٹری اقراء قدیر نے بھی خطاب کیا۔

مزید : کامرس


loading...