جہانگیر خان کی وفد کے ہمراہ چیئرمین پی ٹی وی سے ملاقات

جہانگیر خان کی وفد کے ہمراہ چیئرمین پی ٹی وی سے ملاقات

لاہور(فلم رپورٹر)پاکستان ٹیلی ویژن کے چیئرمین عطاالحق قاسمی نے کہا کہ صحت مند جسم میں صحت مند دماغ ہوتا ہے اور صحت مند ورکر ہی اپنے فرائض بہتر انداز میں انجام دے سکتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی وی لاہور سینٹر کی کرکٹ ٹیم کو کٹس تقسیم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔یہ کٹس انہیں ڈیسکان سپر لیگ کی چالیس سالہ تقریبات کے موقع پر ہونے والے کرکٹ ٹورنامنٹ کے لئے فراہم کی گئی ہیں ۔14اکتوبر کو شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں پی ٹی وی سمیت ،نیسلے، ڈیسکان انجیرنگ ،فاطمہ فاونڈیشن ،آئی سی آئی،ہنڈا،فاطمہ فاونڈیشن،جاز،پی سی ہوٹل،میزان بینک، ٹیٹرا پیک،ایف ،بی آر،پیکیجز ،کوکا کولا۔ اور نیسپاک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ۔پی ٹی وی کرکٹ ٹیم کے سرپرست جہانگیر خان،منیجرسپورٹس فرخ اشرف خان،ہیڈ آف سپورٹس فاروق حسین اور کیپٹن بلال نذیر ہیں ۔تقریب سے قبل سی بی اے یونین کے مرکزی صدر جہانگیر خان کی صدرات میں یونین عہدیداران کے ایک وفد نے چیئرمین پی ٹی وی عطا الحق قاسمی سے ملاقات کی اور 9 ماہ سے زیرِ التوامیڈیکل بلز کی عدم ادائیگیوں کی وجہ سے ادویات کی عدم فراہمی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ۔

یونین کے مرکزی صدر نے 2008میں کنفرم ہونے والے ملازمین کی پنشن اور باقی رہ جانے والے عارضی ملازمین کی مستقلی کے مسئلہ کے فوری حل کا بھی مطالبہ کیا ۔چیئرمین پی ٹی وی نے ڈائریکٹر فنانس کی مشاورت سے میڈیکل کے مسئلے کو چوبیس گھنٹے میں حل کرنے کی کوشش کی یقین دہانی کروائی ہے اور یقین دلایا ہے کہ نئے ایم ڈی کی آمد پر دیگر مسائل بھی حل کر لئے جائیں گے ۔

مزید : کلچر


loading...