سروسز ہسپتال میں 9منزلہ جدید آؤٹ ڈور مکمل ، وزیر اعلٰی اتوار کو افتتاح کرینگے

سروسز ہسپتال میں 9منزلہ جدید آؤٹ ڈور مکمل ، وزیر اعلٰی اتوار کو افتتاح ...

لاہور(جاوید اقبال) سروسز ہسپتال میں ملک کی پہلی اور صوبہ میں واحد بلند و بالا آؤٹ ڈور کی 9منزلہ سٹیٹ آف دی آرٹ آؤٹ ڈور کی عمارت کے افتتاح کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں عمارت کا افتتاح وزیر اعلیٰ پنجاب اتوار کو کریں گے اس عمارت کی تکمیل سے سروسز ہسپتال میں بیڈز کی تعداد 1450ہو گئی ہے اور یہ شہر کا دوسرا بڑا ہسپتال بن کر سامنے آ گیا ہے عمارت کی تکمیل اور جدید مشینری کی خریداری سمیت ٹوٹل اخراجات 2ارب 26کروڑ 9لاکھ روپے آئے ہیں اس سلسلے میں سروسز ہسپتال کی انتظامیہ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد امیر نے سیکرٹری صحت نجم احمد شاہ کو آگاہ کر دیا ہے کہ عمارت افتتاح کے لئے تیار ہے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کسی بھی وقت افتتاح کرنا چاہیں تو کر سکتے ہیں ۔اس حوالے سے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ہیلتھ نجم احمد شاہ نے نئی عمارت کا تفصیلی دورہ بھی کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔سیکرٹری صحت نے ریکارڈ وقت میں پنجاب میں محکمہ صحت کے اندر سب سے بلند و بالا 9منزلہ عمارت سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات فراہم کرنے پر پرنسپل اور ایم ایس دونوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔یہ پہلا موقع تھا کہ سیکرٹری صحت نے پہلی دفعہ شہر کے کسی ہسپتال کے پرنسپل اور ایم ایس کو شاباش دی ہے اس عمارت میں شوگر کے امراض، سائیکاٹری وارڈاور بچہ وارڈ سرجیکل اور میڈیکل منتقل کر دیئے گئے ہیں جبکہ یہ پہلا ہسپتال ہے جس کے آؤٹ ڈور میں سی ٹی سکین کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے پرانے آؤٹ ڈور میں سے تمام یونٹ اس عمارت میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ 320بیڈز پر مشتمل نئے وارڈز بھی یہاں منتقل کئے ہیں ۔روزنامہ ’’پاکستان‘‘ سے گزشتہ روز گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر محمود ایاز اور ایم ایس ڈاکٹر محمد امیر نے کہا کہ اس آؤٹ ڈور میں میمو گرافی ، ایکسرے، الٹرا ساؤنڈ اور تمام لیبارٹری کے ٹیسٹوں کی سہولت بھی باہم پہنچائی گئی ہے اور عمارت کے قیام سے ایک ہی چھت کے نیچے تمام امراض کا علاج ممکن ہو گیا ہے ۔ایم ایس نے کہا کہ مریضوں کو زیادہ سے زیادہ معیاری اور مفت سہولیات فراہم کرنا پنجاب حکومت کا مشن ہے اس پر 100فیصد عمل کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 9منزلہ عمارت میں 4شعبہ جات منتقل کر دیئے گئے ہیں جس میں پیڈز بھی شامل ہے ۔ 9منزلہ عمارت مکمل سنٹرل ائیرکنڈیشنڈ ہے اس سلسلے میں کیو سسٹم متعارف کروایا گیا ہے اور مریضوں کو خواری سے بچانے کے لئے پہلے آئیں اور پہلے پائیں کا ٹوکن سسٹم بھی شروع کیا گیا ہے سکیورٹی کے اعلیٰ انتظامات کئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر امیر نے کہا کہ سٹیٹ آف دی ریڈیالوجی کا شعبہ بھی کام کیا گیا ہے یہ پہلا آؤٹ ڈور ہے جس میں سی ٹی سکین کی سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے عمارت کے باہر شادمان کی طرف راستہ دے دیا گیا ہے جس کے باہر 5سو گاڑیاں پارک کرنے کے لئے نالے کی چھت کور کر کے پارکنگ سٹینڈ بنا دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پرنسپل پروفیسر محمود ایاز نے کہا کہ الحمد اللہ ہمیں جو وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر صحت سلمان رفیق اور سیکرٹری صحت نجم احمد شاہ نے ٹاسک دیا تھا ہم نے مکمل کر لیا ہے پورے صوبے میں سروسز ہسپتال کی نئی عمارت ایک جدید اور ماڈل عمارت کے طور پر سامنے آئی ہے مریضوں کی سہولیت کو سامنے رکھتے ہوئے اس عمارت کو ڈیزائن کیا گیا ہے عمارت کے اندر آؤٹ ڈور کے اندر ادویات کی فری فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ایک بہت بڑی فارمیسی بھی قائم کی گئی ہے جہاں ہر مرض کی ادویات مفت فراہم کی جاتی ہیں اس فرمیسی کو فارمیسسٹ کی نگرانی میں چلایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ عمارت کو شروع کرانے میں سیکرٹری صحت نجم احمد شاہ کی سرپرستی حاصل رہی ہے جن کی شفقت سے اور توجہ سے یہ عمارت صوبے کی پہلی سٹیٹ آف دی آرٹ آؤٹ ڈور کی عمارت سامنے آئی ہے انہوں نے کہا کہ بہت جلد ہسپتال کی دوسری بلند و بالا ریڈیالوجی کی عمارت بھی مکمل ہو جائے گی اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اتوار کو اس عمارت کا افتتاح کریں گے جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...