کاروان ادب و اطفال کے زیر اہتمام کیفے درویش میں اک شام ''ضیاء اللہ محسن کے ساتھ''

کاروان ادب و اطفال کے زیر اہتمام کیفے درویش میں اک شام ''ضیاء اللہ محسن کے ...

لاہور(پ ر)کاروان ادب اطفال پاکستان کے زیر اہتمام ایک شام بچوں کے معروف شاعر و ادیب ضیا اللہ محسن کے نام۔موجودہ دور میں بچوں کا ادب مثبت پہلوؤں کا احاطہ کررہا ہے۔ فی زمانہ بچوں کے لیے لکھنے والے مصنفین حب الوطنی کے ساتھ بچوں کی کردار سازی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار معروف ادیب نذیر انبالوی نے کاروان ادب اطفال پاکستان کے زیر اہتمام ادبی مرکز کیفے درویش میں منعقدہ ایک شام بچوں کے معروف شاعر و ادیب ضیا اللہ محسن کے نام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے لیے صدقہ جاریہ سمجھ کے لکھنا ہو گا۔ ضیا اللہ محسن بھی صدقہ جاریہ سمجھ کے لکھنے والوں میں شامل ہے۔ بچوں کے شاعر امتیاز عارف نے کہا کہ ماضی میں مصنفین نے بچوں کی کردار سازی میں اہم کردار ادا کیا۔ موجودہ دور میں ضیا اللہ محسن کا شمار بھی کردار ساز مصنفین میں ہوتا ہے۔ کاروان ادب اطفال پاکستان کے روح رواں ندیم اختر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضیا اللہ محسن کا احسان ہے کہ وہ بچوں کے لیے نہ صرف بامقصد کہانیاں لکھ رہے ہیں بلکہ ان کی نظمیں بچے شوق سے گنگناتے ہیں۔ کاروان ادب اطفال کے مرکزی کوآرڈی نیٹر اظہر عباس نے کہا کہ پاکستان میں بچوں کے لیے لکھنے والوں کے لئے ہمارا پلیٹ فورم،بلاتفریق پذیرائی کرتا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔ تقریب سے مدیر ماہنامہ پیغام ڈائجسٹ لاہور رب نواز منصوری نے کہا کہ ضیا اللہ محسن کو وہ اپنے رسالے میں چھاپتے ہوئے فخر محسوس کرتے ہیں کہ اس عہد کے نامور شاعر کو نمایاں جگہ دیتے ہیں ۔معروف کالم نگار سید بدر سعید نے کہا کہ ضیا اللہ محسن خوش قسمت ہے کہ بچوں کے لیے لکھتا ہے۔ ان کی تحریروں میں مثبت پہلوؤں کے ساتھ بچوں کے لیے سبق موجود ہوتا ہے۔ معروف ادیب افسانہ نگار شہباز اکبر الفت، بچوں کے معروف ادیب عبد الصمد مظفر، وفائے پاکستان ادبی فورم کے چیئرمین حاجی لطیف کھوکھر، معروف شاعر افق دہلوی، سکرپٹ رائیٹر اسعد نقوی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ضیا اللہ محسن اس حوالے سے نمایاں ہے کہ وہ بچوں کی نفسیات سمجھ کے لکھتا ہے۔ ان کی نظموں اور کہانیوں میں یہ خاصیت پاکستان میں اسے نمایاں کرتی ہے۔ مقررین اپنے اپنے خطابات میں کاروان ادب اطفال پاکستان کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بچوں کے ادب کے فروغ کے لیے یہ تحریک منفرد آئیڈیا کے ساتھ ہمیشہ نمایاں رہی۔ تقریب میں مدیران رسائل، بچوں کے شعرا، اور مصنفین نے شرکت کی۔ پروگرام کی نظامت شہباز اکبر الفت نے کی جبکہ صدارت بچوں کے ادب سے منسلک معروف ادیب و ایڈیٹر نذیر انبالوی نے کی۔ اس موقع پر کیفے درویش کی جانب سے تقریب کے منتظم اظہر عباس کو ان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں سند زعزاز سے نوازا گیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...