صاف پانی کے 21کروڑ روپے کے منصوبے کی ناکامی،تحریک التواء جمع

صاف پانی کے 21کروڑ روپے کے منصوبے کی ناکامی،تحریک التواء جمع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نمائندہ خصوصی)وزیر اعلیٰ پنجاب کے حلقے اور آس پاس کے علاقوں میں پینے کے صاف پانی کے 21کروڑ روپے کے منصوبے کی ناکامی اور بربادی پر پی ٹی آئی نے پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کرا دی ہے جس میں رائیونڈ کے شہریوں کو پینے کا صاف پانی مہیا نہ ہونے کی طرف نشاندہی کرتے ہوئے ایم پی اے شعیب صدیقی نے کہا ہے کہ سرکاری نلکوں سے سیوریج زدہ پانی آ رہا ہے جو نہانے ،کھانا پکانے اور وضو کرنے کے بھی قابل نہیں وزیر اعلیٰ کے بڑے بڑے دعوے ان کا منہ چڑا رہے ہیں کیونکہ ان کے حلقہ ہائے انتخاب کے عوام بھی بیماریوں کا شکار ہیں جبکہ حکومت نے کروڑوں روپے کے عارضی طور پر جو واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے تھے وہ بھی ناکارہ ہو چکے ہیں اور شہری روزانہ5لاکھ روپے کا پانی خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ با اثر سیاسی افراد نے جعلی کمپنیا بنا کر پانی فروخت کرنے کا دھندہ بھی شروع کر رکھا ہے جس کیلئے رائیونڈ سے ملحقہ راجہ جنگ کی نہر سے پانی نکال کر لاکھوں روپے اکٹھا کیا جاتا ہے۔
ایم پی اے شعیب صدیقی نے تحریک التوا میں کہا ہے کہ پینے کا صاف پانی اس علاقے کے عوام کیلئے خواب بن چکا ہے جبکہ مزید ظلم یہ ہے کہ شہریوں سے لاکھوں روپے ماہانہ بل کی صورت میں اس پانی کی فراہمی کیلئے وصول کیے جاتے ہیں جو انہیں کبھی ملا ہی نہیں انہوں نے اس صورتحال پر احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب حکومت فوری طور پر معاملے کی تحقیقات کرے اور پی ٹی آئی کی اس تحریک التوائے کار پر بحث کر کے حقائق واضح کیے جائیں ۔