عمران ، ترین نا اہلی کیسز آئندہ ہفتے ردی کی ٹوکری میں ہونگے : تحریک انصاف

عمران ، ترین نا اہلی کیسز آئندہ ہفتے ردی کی ٹوکری میں ہونگے : تحریک انصاف

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے عمران خان اور جہانگیر ترین نا اہلی کیسز اگلے ہفتے تک ردی کی ٹوکری میں ہوں گے، کیپٹن(ر) صفدر کی اسمبلی میں تقریر پاکستان کے جھنڈے کے سفید حصے پر حملہ تھا۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انکا مزید کہنا تھا عمران خان کبھی کسی عوامی عہدے پر نہیں رہے لیکن اس کے باوجود انہوں نے 40 سال کے اثا ثو ں کا ایک ایک روپے کا حساب دیا۔ عمران خان نے تمام منی ٹریل سپریم کورٹ میں پیش کردی ہے ، اگلے ہفتے تک عمران خان اور جہانگیر ترین نا اہلی کیسز کا فیصلہ آجائے گا اور دونوں ہی ردی کی ٹوکری میں جائیں گے۔ مسلم لیگ ن پاکستان میں انتشار پھیلانا چاہتی ہے ، یہ ثا بت کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ نواز شریف کی نا اہلی کی صورت میں ریاست کو خطرہ ہے، کیپٹن(ر) صفدر کی اسمبلی میں تقریر کا واحد مقصد پاکستان میں افراتفری پھیلانا ہے،جبکہ خود ایک ایسے شخص کو وزیر خزانہ رکھا ہے جو پاکستان کی معیشت کو تنزلی کی طرف لے جا رہا ہے، نئے چیئرمین نیب کا نواز شریف کے کیسز کی خود نگرانی کرنے کا وعدہ خوش آئند ہے، حسین اور حسن نواز کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی جلد مکمل کی جائے تاکہ یہ کیس آگے بڑھ سکے۔فواد چوہدری نے ایک بار پھر قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا پاکستان کو چلانے کیلئے مضبوط سیاسی حکومت کا ہونا ضروری ہے اور اس کیلئے جتنی جلدہو سکے انتخابات کرائے جائیں۔

مزید : علاقائی


loading...