وزیر دفاع سے ایرانی سفیر کی ملاقات
اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر دفاع انجیئنر خرم دستگیر سے پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے ملاقات کی یہ ملاقات وزارت دفاع میں بد ھ کے روز ہوئی ۔ وفاقی وزیر نے ایرانی سفیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے ایرانی فوجی اور سیاسی قیادت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔سفیر نے وزارت دفاع کا عہدہ سنبھالنے پر وفاقی وزیر خرم دستگیر خان کو مبارکباد دی او رکہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین شراکت داری کے بڑے مواقع پائے جاتے ہیں ۔ وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان نے پاکتان اور ایران کے مابین دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور توقع ظاہر کی کہ پاکستان ایران دو طرفہ تعلقات میں باہمی احترام ، باہمی مفادات اور ایک دوسرے سے افہام و تفہیم کا سلسلہ جاری رہے گا ۔وفاقی وزیر خرم دستگیر خان نے خطہ کی سیکورٹی کے استحکام میں پاکستان کے اہم کردار کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان او رخطہ میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لئے علاقائی تعاون بہت ضروری ہے ۔ سفیر نے پاکستان اور ایران کی بحریہ میں پہلے سے موجود شراکت داری کا بھی اعتراف کیا ۔