الیکشن کمیشن میں وزارت داخلہ کے اعتراض پر ’’ ملی مسلم لیگ‘‘ کی رجسٹریشن درخواست مسترد

الیکشن کمیشن میں وزارت داخلہ کے اعتراض پر ’’ ملی مسلم لیگ‘‘ کی رجسٹریشن ...

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کی مخالفت کے بعد ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کی درخواست مسترد کردی۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔سماعت کے دوران ملی مسلم لیگ کے وکیل راجا عبدالرحمان ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کے تمام قانونی تقاضے پورے کیے اور ہمارے کسی پارٹی عہدیدار کا کالعدم تنظیم سے تعلق نہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا ملی مسلم لیگ سے متعلق وزارت داخلہ کا خط آپ کے علم میں ہے جس پر وکیل نے کہا کہ خط میں کہا گیا کہ اس جماعت کی رجسٹریشن سے سیاست میں تشدد کا عنصر آسکتا ہے اور ہمیں وزارت داخلہ کے خط میں استعمال کی گئی زبان پر اعتراض ہے۔اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ وزارت داخلہ کے خط سے تو لگتا ہے آپ کی جماعت کا تعلق کالعدم جماعت سے ہے۔وکیل نے کہا کہ وزارت داخلہ نے شواہد کے بغیر ایک جواب دے دیا ہے، کیا اب ہر سیاسی جماعت کو وزارت داخلہ سے کلیئرنس لینا ہوگی اور کیا الیکشن کمیشن وزارت داخلہ کی سفارش پر عملدرآمد کرنے کا پابند ہے۔اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ آپ وفاقی حکومت سے رجوع کیوں نہیں کرتے جس پر وکیل نے کہا کہ کس قانون کے تحت ہم وفاقی حکومت سے رجوع کریں، الیکشن کمیشن کسی بھی جماعت کی رجسٹریشن کیلئے وزارت داخلہ سے رائے لینے کا پابند نہیں۔وکیل نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن قانون کے مطابق ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن پر فیصلہ کرے۔دلائل مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا جسے بعد ازاں سناتے ہوئے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کی درخواست مسترد کردی گئی۔چیف الیکشن کمشنر کی صدارت میں 4 رکنی الیکشن کمیشن نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ جب تک سکیورٹی کلیئرنس نہیں دیتی رجسٹریشن نہیں کرسکتے۔خیال رہے کہ 7 اگست کو مذہبی جماعت 'جماعت الدعوۃ' نے ملی مسلم لیگ کے نام سے سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا تھا جبکہ الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ سے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کیلئے این او سی طلب کیا تھا۔

مزید : صفحہ آخر


loading...