56میگا واٹ توانائی کے 3منصوبے مکمل کر لئے گئے ہیں:عاطف خان

56میگا واٹ توانائی کے 3منصوبے مکمل کر لئے گئے ہیں:عاطف خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر توانائی وبرقیات محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سرکاری محکموں میں بوسیدہ اورناکارہ نظام کے خاتمے کے لئے ریفارمز کے ایجنڈے پر تیزی سے کام کررہی ہے ۔ صوبے کے مفاداور عوام کے فائدے کے لئے موثرقانون سازی کی جارہی ہے۔ توانائی کے شعبے کی ترقی کے لئے ہمارے انقلابی اقدامات سے مخالفین کے اوسان خطاہوگئے ہیں۔رواں ماہ 56میگاواٹ کے تین پن بجلی کی پیداوارکے منصوبوں کو مکمل کرلیا جائے گا جن سے باقاعدہ بجلی کی پیداوارشروع ہوجائے گی۔ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار4000مساجدکو شمسی نظام سے منسلک کیا جارہا ہے جبکہ تمام سرکاری ہسپتالوں،8ہزارسکولوں اوربنیادی مراکزصحت کوبھی لوڈشیڈنگ سے پاک کرنے کے لئے شمسی توانائی کے نظام کی تنصیب پر بھی منصوبے کا آغاز کیا جائے گا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے صوبے کے پسماندہ علاقوں میں مذید650منی مائیکروہائیڈل پراجیکٹس شروع کئے جارہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیرتوانائی عاطف خان نے محکمہ توانائی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری توانائی انجینئرنعیم خان،چیف پلاننگ آفیسرانجینئرذین اللہ شاہ،چیف ایگزیکٹوکے پی اوجی سی ایل انجینئررضی الدین اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیرنے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت کے دور میں 2.6میگاواٹ مچئی ہائیڈروپاورپراجیکٹ،17میگاواٹ رانولیاہائیڈروپاورپراجیکٹ مکمل کئے جاچکے ہیں جبکہ 36.6میگاواٹ درال خوڑ پاورپراجیکٹ رواں ماہ اکتوبر کے آخرتک مکمل کرلیا جائے گا۔ ان منصوبوں کا باقاعدہ افتتاح آئندہ چند روز میں کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بارنجی شعبے کے تعاون سے 518میگاواٹ کے6منصوبے شروع کئے جارہے ہیں جن سے صوبے میں ڈیڑھ سوارب روپے کی سرمایہ کاری اورروزگارکے نئے مواقع میسرآئیں گے۔ سیکرٹری توانائی انجینئرنعیم خان نے بتایاکہ محکمہ توانائی سول سیکرٹریٹ اور سی ایم سیکرٹریٹ کوبھی شمسی توانائی کے نظام سے منسلک کرنے کے لئے منصوبے پر کام جاری ہے۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹوکے پی اوجی ڈی سی ایل انجینئررضی الدین نے بتایاکہ 24اکتوبرسے تیل وگیس کی تلاش کے لئے صوبے میں پہلی بارلکی بلاک پر باقاعدہ کا م کا آغازکیا جارہاہے۔