وزیر بلدیات کی صوبے کے مختلف شہروں کی خوبصورتی اور صفائی کے نظام کو بہتر کرنے کی ہدایت

وزیر بلدیات کی صوبے کے مختلف شہروں کی خوبصورتی اور صفائی کے نظام کو بہتر ...

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخواکے سینئر وزیربلدیات عنایت اللہ نے پشاور،ڈی آئی خان، بنوں ،سوات ،مردان، کوہاٹ اورایبٹ آباد کی خوبصورتی وصفائی ونکاسی آب اور آبنوشی کے لئے شروع کردہ منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔یہ ہدایت انہوں نے پشاورمیں واٹر سپلائی اینڈ سنیٹیشن کمپنی اور تحصیل میونسپل آفیسر ز کے مشترکہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی ۔اجلاس میں تمام کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹیوز اورتحصیل میونسپل آفیسرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر کوکمپنی کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت فنڈ کااجراء،اخراجات ،آمدنی اوردیگرمحکموں باالخصوص واپڈا سے متعلق مسائل ومشکلات سے آگاہ کیا گیا۔سینئر صوبائی وزیرنے اجلاس سے خطا ب کر تے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نظام کی تبدیلی اوراصلاح کے لئے موثر اقدامات اٹھارہی ہے اورتمام اداروں کو فعال اورمستحکم بنا رہی ہے تاکہ صوبے کے پسماندہ علاقوں کوترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکیں ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی کمپنی کے ساتھ باقاعدہ معاہدہ ہوا ہے ۔کمپنی کے اہلکارلوگوں کومزید بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں تاکہ لوگوں کی مشکلات میں خاطر خواہ کمی آسکے اورحکومت کے خوبصورتی وصفائی اورآبنوشی کے لئے حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات بارآور ثابت ہوسکیں ۔ عنایت اللہ نے ماضی کی حکومتوں کے اقتدار کے دوران محکمہ بلدیات میں ضرروت سے زیادہ سٹاف بھرتی کرنے پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ ادوار میں اقرباء پروری کامظاہرہ ہواہے۔ انہوں نے سپیشل سیکرٹری کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو مذکورہ معاملات کے ضمن میں اپنی رپورٹ مرتب کرکے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی۔ درایں اثناء سینئر صوبائی وزیربلدیات کی سربراہی میں نمک منڈی پشاورمیں مجوزہ پارکنگ پلازہ اورجی ٹی روڈ پر 25 کنال اراضی پر ایک شاندار پلازہ تعمیر کرنے کے سلسلے میں ایک اجلاس منعقد ہوا ۔جس میں سیکرٹری بلدیات سید جمال الدین شاہ ،سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ حضرحیات ،ضلع ناظم محمد عاصم خان ،نائب ناظم سید قاسم علی شاہ ودیگر افسران نے شرکت کی ۔سینئر صوبائی وزیر کو دونوں پلازوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔اجلاس میں سینئر وزیر نے سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ ،پی ڈی اے اور ضلعی حکومت کو آپس میں باہمی روابط کو فروغ دینے کی ہدایت کی تاکہ مقررہ وقت پر مجوزہ منصوبے معیاری اندازمیں مکمل ہوسکیں اورجس سے شہریوں کو سہولیات میسر آنے کے ساتھ ساتھ پشاورمیں ٹریفک کے گھمبیر مسائل بھی حل ہوسکیں۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...