وزیر اعظم کھیلوں کو بھی کرپشن سے پاک کریں: منظور مانی
لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور سابق فرسٹ کلاس کرکٹر ملک منظور مانی نے کہا ہے کہ بحیثیت کرکٹرز اور سپورٹس مین وزیر اعظم عمران خان نے 100 روزہ پلاننگ بنائی تھی جس میں 50 دن گزر چکے ہیں لیکن سپورٹس اور کرکٹ میں ان کی کوئی پلاننگ نظر نہیں آئی عمران خان کا ٹارگٹ صرف نجم سیٹھی تھے۔ نہ ہی کرکٹ بورڈ میں کوئی تبدیلی نظر آئی نہ ہی کرپشن کا خاتمہ کے لئے کوئی حکمت عملی بنائی گئی جبکہ 100 روزہ پالیسی میں سپورٹس کا کہیں بھی ذکر نہ کیا گیا۔ جبکہ سابق حکومت ملک بھر میں کھیلوں کی بہتری کے لئے مثبت کام کر رہی تھی اس لیے میری عمران خان سے درخواست ہے کہ وہ کرکٹ بورڈ سے لے کر ریجن اور دیگر سپورٹس حلقوں سے کرپشن کے خاتمے کے لئے مثبت پلاننگ بنائیں اور کرکٹ بورڈ میں بھی کرپٹ مافیا کا احتساب کیا جائے کیونکہ عمران خان وزیر اعظم بننے سے پہلے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سمیت بورڈ میں موجودہ عہدیداران پر تنقید کرتے تھے احسان مانی کے چیئرمین بنائے جانے کے بعد سب ٹھیک ہے کی آواز کیوں آرہی ہے۔