6افراد قتل کیس سزائے ،موت کے مجرم (ن) لیگی ایم این اے 3ساتھیوں سمیت بری

6افراد قتل کیس سزائے ،موت کے مجرم (ن) لیگی ایم این اے 3ساتھیوں سمیت بری

  



لاہور(نامہ نگار)لاہور ہائیکورٹ نے دو کانسٹیبلوں سمیت 6افراد کے قتل اور دہشت گردی کے مقدمہ میں سزائے موت کے مجرم مسلم لیگ (ن )کے ایم این اے عابد رضا اور ان کے تین ساتھیوں کو بری کر دیا۔جسٹس سردار محمد شمیم خان اور جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ نے محفوظ کیا گیایہ فیصلہ سنایاہے، عابد رضا اور ان کے ساتھیوں نے انسداد دہشت گردی کی عدالت گجرات کا فیصلہ چیلنج کر رکھا تھا، لاہور ہائیکورٹ اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ یہ ذاتی دشمنی کا مقدمہ تھا جس میں دہشت گردی کی دفعات نہیں لگائی جا سکتیں، کیس کے عدالتی معاون عثمان نسیم ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں دو کانسٹیبلوں کے قتل پر دہشت گردی کی دفعات نہیں لگائی جا سکتیں کیونکہ یہ دونوں کانسٹیبل وقوعہ کے وقت سرکاری یا آفیشل ڈیوٹی پر نہیں تھے اور اب سپریم کورٹ کی بھی تازہ عدالتی نظیر آ چکی ہے جس میں یہ قرار دیا گیا ہے کہ اگر پولیس آفیشل اپنی سرکاری ڈیوٹی کے علاوہ کسی حادثے یا وقوعہ میں جاں بحق ہوتا ہے تو اس میں دہشت گردی کی دفعات نہیں لاگو نہیں کی جا سکتیں، ملزموں کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر اور احسن بھون نے دلائل دیتے ہوئے نشاندہی کی کہ اس کیس کے پورے ٹرائل میں 1998 ء سے لے کر آج تک دہشت گردی کی دفعات کی حمایت میں کوئی ثبوت پیش کیا گیا اور نہ ہی کوئی جرح کی گئی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ دہشت گردی نہیں بلکہ ذاتی دشمنی کا کیس تھا اور ذاتی دشمنی کی حد تک تمام فریقین میں صلح ہو چکی ہے، اس لئے ملزموں کو بری کیا جائے، ڈپٹی پراسیکیوٹر خرم خان نے بنچ کو بتایا کہ ماضی میں ہائیکورٹ نے عابد رضا کو راضی نامے کی بنیاد پر بری کر دیا تھا تاہم سپریم کورٹ نے 2015 ء میں عابد رضا کی بریت کا ازخود نوٹس لے کر کیس دوبارہ ہائیکورٹ کو ریمانڈ کیا، سپریم کورٹ کے ماضی کے فیصلوں کے تحت دہشت گردی کے مقدمہ میں راضی نامے کی کوئی حیثیت نہیں، ہائیکورٹ سے مجرم کی بریت قتل کی دفعات کے تحت ہوئی تھی لیکن ہائیکورٹ نے مقدمہ میں درج دہشت گردی دفعات سے متعلق فیصلہ نہیں سنایا تھا، اس کیس میں دو کانسٹیبل قتل ہوئے ہیں ،دہشت گردی کی دفعات برقرار رکھ کر ملزموں کی اپیلیں خارج کی جائیں، تفصیلی دلائل سننے کے بعد دو رکنی بنچ نے دہشت گردی کی دفعات ختم کرتے ہوئے لیگی ایم این اے عابد رضا اور اس کے تین ساتھیوں کو بری کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ واضح رہے کہ تھانہ سول لائنزگجرات میں عابد رضا کے خلاف 2 پولیس کانسٹیبلوں سمیت 6 افراد کو قتل کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج تھا اور ٹرائل عدالت نے 1999 ء کو عابد رضا سمیت شریک ملزموں کومجموعی طور پر 6، 6مرتبہ سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔

مزید : صفحہ آخر


loading...