بیوروکریسی کو غیر سیاسی ہونا چاہئے،فیاض چوہان

بیوروکریسی کو غیر سیاسی ہونا چاہئے،فیاض چوہان

  



لاہور(آئی این پی ) پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے پولیس، انتظامیہ اور افسر شاہی کو غیر سیاسی بنانے کی وزیراعظم عمران خان کی پالیسی کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیوروکریسی کو غیر سیاسی ہی ہونا چاہیے مگراتنا ہٹ دھرم اور شتر بے مہار نہیں کہ سیاسی جدوجہد سے آنے والی جمہوری حکومت کی راہ میں روڑے اٹکانے شروع کردے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتظامیہ، پولیس اور افسر شاہی کو غیر سیاسی بنانے کاہرگز یہ مقصد نہیں کہ وہ ہٹ دھرم بن جائے یہ چیز کسی طور بھی قابل قبول نہیں۔ سیاسی حکومت ایک طویل جدوجہد کے ذریعے عوامی ووٹوں سے اقتدار میں آتی ہے اسے عوامی وعدوں کی تکمیل کے لئے بیوروکریسی، انتظامیہ اور پولیس کی ضرورت ہوتی ہے اب اگر وہ یہ کہ دیں کہ ہم کسی ایم این اے یا ایم پی اے کی بات کیوں مانیں تو یہ بات قطعی ناقابل قبول ہوگی ۔ دراصل سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے دور میں انتظامیہ افسر شاہی اور پولیس کو خراب کیا گیا۔ کیونکہ سابق حکومت نے اپنے غلط کاموں کے لیے انہیں بھاری تنخواہیں اور مراعات دیں۔ایسی بیورو کریسی انتظامیہ اور پولیس بعض اوقات حد سے تجاوز کرجاتی ہے۔ ہم قطعی یہ نہیں چاہیں گے کہ پولیس، بیورو کریسی ہمارے غلط احکامات مانے، ہمارے حکم پر قتل و غارت کرے، منی لانڈرنگ میں ہمارے ساتھ تعاون کرے بلکہ ہم چاہتے ہیں بانی پاکستان قائداعظم نے بیوروکرسی سے خطاب میں جو کہا تھا وہ بالکل اس پر عمل کریں کہ’’آپ ریاست کے ملازم ہیں اس کا حکم ماننا آپ پر فرض ہے لیکن آپ حکمرانوں کی ناجائز خواہش پوری نہ کریں’’یہی بات ھم بھی بیوروکریسی سے کہتے ہیں کہ وہ ھماری ناجائز باتیں نہ مانیں مگر اپنی ذمہ داریاں اور ریاست اور عوام کی خدمت کے فریضہ سے بھی غفلت نہ برتیں۔

فیاض چوہان

مزید : صفحہ آخر


loading...