شعبہ صحت میں اصلاحات کے بغیر مقررہ اہداف کا حصول ممکن نہیں،یاسمین راشد

شعبہ صحت میں اصلاحات کے بغیر مقررہ اہداف کا حصول ممکن نہیں،یاسمین راشد

  



لاہور( جنرل رپورٹر)وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ شعبہ صحت میں اصلاحات کے بغیر مقررہ اہداف کا حصول ممکن نہیں۔ اصلاحات کے مؤثر نفاذ کیلئے پنجاب کی میڈیکل یونیورسٹیوں اور کالجوں کے ماہرین کی آرأ بھی ضروری ہیں۔ وہ پنجاب کی میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کے اجلاس کی صدارت کررہی تھیں۔ سیکرٹری ہیلتھ ثاقب ظفر بھی موجود تھے۔ وزیر صحت نے زور دیا کہ شعبہ صحت میں بہتری کے لئے خیبرپختونخوا کے ماڈل کا بھی بغور جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اوروزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب میں ماں اور بچے کی صحت پر خاص طور پر توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ صحت یکم سے 6اکتوبر تک بین الاقوامی اداروں کے اشتراک سے کامیابی کے ساتھ ’ہفتہ غذائیت‘ کے دوران ماں اور بچے میں غذائیت کی کمی کا جامع ڈیٹا جمع کرچکا ہے جس کی روشنی میں دودھ پلانے والی اور حاملہ خواتین میں غذائیت کی کمی کا تدارک کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے ہدایت کی کہ میڈیکل تعلیم کے اداروں کے نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے۔ ڈاکٹروں کے لئے ضروری ہے کہ وہ مریض سے دوستانہ برتاؤ کو اپنا شعار بنائیں۔ انسانیت کی خدمت کا اجر دنیا میں پانے کی سوچ سے نجات پانا ہوگا اور آخرت میں اللہ سے اجر کی توقع رکھنا ہوگی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...