ہنگو میں ڈی ای او زنانہ کے چھاپے ،صورتحال پر اطمینان

ہنگو میں ڈی ای او زنانہ کے چھاپے ،صورتحال پر اطمینان

  



ہنگو(بیورورپورٹ)ڈی ای او فی میل مس فرزانہ سردار کے زنانہ تعلیمی اداروں پر چھاپے۔سکولوں کے انتظامی معاملات سمیت نصابی سرگرمیوں اور اساتذہ کی حاضریاں ،ریکارڈ چیک کیا۔صورتحال پر اطمنان کا اظہار۔اساتذہ کو تمام تر توجہ بچوں کے حصول تعلیم پر صرف کرنے کی ہدایات ۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ مس فرزانہ سردار نے اچانک ضلع ہنگو کے مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کر کے زنانہ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی حاضریوں سمیت ریکارڈ اور طالبات کے لئے نصابی سرگرمیوں کو بھی چیک کیا گیا۔انہوں نے خواتین اساتذہ کو فرائض کی انجام دہی کے حوالے سے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے تمام تر توجہ بچوں کے حصول تعلیم پر مرکوز رکھنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ڈی ای او فرزانہ سردار کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اور محکمہ تعلیم کے حکام بالا خواتین کی تعلیم کو گھر گھر تک عام کرنے اور خواتین کی تعلیمی شرح خواندگی میں اضافہ کے لئے انقلابی اقدامات کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ زنانہ تعلیمی اداروں میں کوالٹی ایجوکیشن کا فروغ ،تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کا حل،شرح خواندگی میں اضافہ اور تعلیم کے شعبے میں میرٹ کی بالادستی اولین ترجیحات ہیں۔مس فرزانہ سردار نے کہا کہ این ٹی ایس ٹسٹ کے تحت میرٹ کے مطابق خواتین اساتذہ کی مختلف کیڈرز میں بھرتیوں سے زنانہ تعلیمی اداروں میں سٹاف کی کمی مسئلہ حل ہونے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور شعبہ تعلیم خیبر پختونخواہ انقلابی تعلیمی اصلاحات بر پا کر رہی ہیں اور بالخصوص خواتین کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے اور زنانہ تعلیمی اداروں کو سہولیات کی فراہمی پر حکومت خطیر رقوم خرچ کر رہی ہیں جس سے تعلیمی ادارے مستحکم ہوں گے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر