بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے اپنی سرزمین کے دفاع کیلئے تیار ہیں ، پاکستان

بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے اپنی سرزمین کے دفاع کیلئے تیار ہیں ، پاکستان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، ہم ا پنی سرزمین کے دفاع کیلئے تیار ہیں،ہم خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ کے خلاف ہیں اور کسی قسم کی ہتھیاروں کی دوڑ میں نہیں پڑنا چاہتے تاہم جو ممالک بھارت کو ایسے ہتھیار فراہم کر رہے ہیں، اس سے طاقت کا توازن متاثر ہوگا۔دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و بربریت کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بھارتی قابض افواج کشمیریوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔انہوں نے حریت قیادت کی غیر قانونی حراست کے دوران سختیوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انتخابات جعلی ہیں جن کا بھارت کو فائدہ نہیں ہوگا۔گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر شیڈول پاک۔بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کی منسوخی کے حوالے ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ہم نے وزرائے خارجہ کی ملاقات کی درخواست کی تھی لیکن بھارت مذاکرات کی حامی بھرنے کے باوجود پیچھے ہٹ گیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کے آنے کے بعد امریکا کیساتھ رابطے کافی زیادہ ہوگئے ہیں۔امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے پاک افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان کے مطابق اس دوران دونوں ممالک نے باہمی طور پر آگے بڑھنے پر اتفاق کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانا امریکا،افغان حکومت اور دیگراسٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے اور اسی وجہ سے زلمے خلیل زاد باقی ممالک کا دورہ بھی کر رہے ہیں۔بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے پاک۔چین اقتصادی راہداری منصوبے پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ سی پیک میں سرمایہ کاری کیلئے سعودی عرب سے بات ہوئی ہے، ہم دیگر ممالک کو بھی سی پیک کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری پرخوش آمدید کہتے ہیں۔ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہاکہ سی پیک معاہدوں پر کوئی نظر ثانی نہیں ہو رہی، اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا بیان درست رپورٹ نہیں ہوا۔بریفنگ کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان ڈرونز کی خریداری کے معاملے کے حوالے سے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ انہیں اس کا علم نہیں۔

مزید :

صفحہ اول -