ایاز صادق نے سپیکر گاؤن کیسے پہنا؟ تحقیقات شروع
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے پارلیمنٹ کے باہر ن لیگی اراکینِ پارلیمنٹ کی سجائی جانے والی اسمبلی میں سابق اسپیکر ایاز صادق کی اسپیکر گاون میں شرکت پر ایکشن لے لیا۔تفصیلات کے مطابق ایاز صادق نے پارلیمنٹ کے باہر گان پہن کر احتجاجی اجلاس کی صدارت کی، جس پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے سیکریٹری قومی اسمبلی سے رپورٹ طلب کر لی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد قیصر نے اس بات کی تحقیقات کا حکم دیا ہے کہ کس افسر نے اسپیکر کا گاؤن ایاز صادق کو فراہم کیا، بلا جواز اجلاس کے لیے اسپیکر کا گان پہننا پارلیمانی روایات کی نفی ہے۔اسمبلی سیکریٹریٹ کے ذرائع کے مطابق سابق اسپیکر کے قریبی افسران سے پوچھ گچھ شروع کر دی گئی ہے، سیکریٹری ٹو اسپیکر سعید میتلا پر بھی انگلیاں اٹھ گئیں، سعید میتلا ایاز صادق کے دست راست سمجھے جاتے ہیں۔