پنجاب کابینہ کا اجلاس ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں ہوگا ، با اثر قبضہ مافیا نے سرکاری اراضی کو مال مفت سمجھ رکھا تھا، عثمان بزدار

پنجاب کابینہ کا اجلاس ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں ہوگا ، با اثر قبضہ مافیا نے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ ملک کو مشکل حالات سے نکالنے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں اورعوام بہت جلد خوشحال اور بدلا ہوا پاکستان دیکھیں گے کیونکہ وزیراعظم عمران خان ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے پرعزم ہیں۔ تنقید برائے تنقید کرنے والے پاکستان کے خیرخواہ نہیں۔ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اورپاکستان میں حقیقی تبدیلی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت شفافیت اور میرٹ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔وزیراعظم عمران خان ہی ملک و قوم کی تقدیر بدلیں گے۔وہ صوبائی وزراء اوراراکین اسمبلی سے گفتگو کررہے تھے ،جنہوں نے ان سے سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ میاں خالد محمود، صوبائی وزیر جنگلات سردار محمد سبطین خان،اراکین قومی اسمبلی خواجہ شیراز،شوکت بھٹی اوررکن پنجاب اسمبلی محمد علی اعوان شامل تھے ۔وزیراعلیٰ اور صوبائی وزیر جنگلات سردار محمد سبطین خان کے درمیان ملاقات کے دوران شجرکاری مہم او ر اس پر ہونے والی پیش رفت اورقبضہ مافیا کے خلاف جاری آپریشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے شجر کاری مہم کوتیزی سے آگے بڑھانے پر بھی صوبائی وزیر جنگلات کی کارکردگی کو سراہا۔وزیراعلیٰ نے قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف جاری مہم کے دوران محکمہ جنگلات کی اراضی واگزارکرانے پر صوبائی وزیرجنگلات سردار محمد سبطین خان کی کاوشوں کی تعریف کی اورکہا کہ سرکاری اراضی کوہر صورت قبضہ مافیا سے واگزار کرایا جائے گا۔بااثر قبضہ مافیا نے سرکاری اراضی کو مال مفت سمجھ رکھا تھالیکن تحریک انصاف کی حکومت نے آتے ہی طاقتور مافیاپر ہاتھ ڈالا ہے اوراب تک اربوں روپے کی ہزاروں کنال اراضی کو واگزار کرایا جاچکا ہے۔بااثر افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے ۔حکومت شجرکاری مہم کو ایک تحریک سمجھ کر آگے بڑھا رہی ہے اوراس ضمن میں اہداف کے حصول کیلئے مثبت پالیسی اپنائی گئی ہے۔دریں اثناء سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں اعلی سطح کااجلاس ہوا، 3 گھنٹے طویل اجلاس میں رواں مالی سال کے 8 ماہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی ترجیحات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں سماجی شعبوں کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور دیگر شعبوں کی پائیدار ترقی ہماری ترجیحات ہیں اور ان شعبوں کے لئے حقیقت پسندانہ ترقیاتی پروگرام بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی پروگرام تحریک انصاف کے منشور کا آئینہ دار ہوگا اور متوازن اور یکساں ترقی کا عکاس ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے اراکین اسمبلی سے مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا اور کابینہ کے اجلاس ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوں گے۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو سالانہ ترقیاتی پروگرام کی ترجیحات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید :

صفحہ اول -