ٹی ایچ کیو ہسپتال بوریوالا میں گھپلے ، بے ضابطگیا ں ،مریض ادویات طبی سہولیات سے محروم
بورے والا (تحصیل رپورٹر)تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بورے والا مبینہ کرپشن اور بے ضابطگیوں کا گڑھ بن گیا مریض ادویات اور طبی سہولتوں سے محروم ہو کر رہ گئے ۔میڈیکل سپرٹینڈنٹ مافیا کے آ گے بے بس تفصیلات کے مطابق سابق دور حکومت میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا ایمرجنسی بلاک اور دفاتر کی تزئین و آرائش کی وجہ سے ایک سال سے اکھاڑ بچھاڑ کا شکار ہے انتظامیہ کی طرف سے ہسپتال میں کینٹین کی عمارت میں عارضی طور پر ایمرجنسی یونٹ(بقیہ نمبر23صفحہ12پر )
کو شفٹ کیا گیا ہے جس کے آگے سائیکل سٹینڈ کے ٹھیکیدار نے ہسپتال کے ذمہ داران افسران کی مبینہ ملی بھگت سے معاہدہ کے برعکس سارے پلاٹ کو سائیکل سٹینڈ میں تبدیل کر کے ایمرجنسی یونٹ کی افادیت کو کم کر دیا ہے ۔رات کے وقت ایمرجنسی آنے والے نووارد مریض اور ان کے لواحقین ایمرجنسی تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے مایوس ہو کر پرائیویٹ ہسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں ہسپتال میں ادوایات کے لیے 5کروڑ سے زائد کے سالانہ بجٹ کے باوجود شوگر اور دیگر امراض کی ادویات ختم ہیں ڈسپنسری عملہ معذرت کر کے مریضوں کو جواب دے دیتا ہے اس طرح لوکل پرچیز کی مد میں بھی ادویات کا ریکارڈ خفیہ رکھا جا رہا ہے اور ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس مد میں متعلقہ عملہ لاکھوں کی کرپشن میں ملوث ہے ہسپتال میں علاج کے لیے آنے والے مریضوں محمد شاہد ،محمد اسلم ،جاوید ،نسیم بی بی نے بتایا کہ انہیں ادویات بھی نہیں ملتی اور سائیکل سٹینڈ کے ٹھیکیدار کی چیرہ دستیوں اور اوورچارجنگ پر دن رات مریضوں کے لواحقین کی بے عزتی کی جاتی ہے اورسائیکل سٹینڈ پر اوور چارجنگ ہوتی ہے باقاعدہ مقرر ریٹوں کو نمایاں جگہ پر آویزاں نہیں کیا گیاہے ۔انجمن بہبودی مریضاں اور مرکزی انجمن تاجران کے صدر محمد جمیل بھٹی اور جنرل سیکرٹری صغیر احمد رامے نے ہسپتال میں ادویات کی نایابی اور سائیکل سٹینڈ ٹھیکیدار کی ناجوازیوں پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر وہاڑی اور محکمہ صحت کے حکام سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے اس سلسلہ میں ہسپتال کے میڈیکل سپرٹینڈنٹ ڈاکٹر امجد شکیل سے رابطہ کیا گیا تو وہ تسلی بخش جواب نہ دے سکے انہوں نے تسلیم کیا کہ شوگر سمیت کئی امراض کی ادویات واقعی ختم ہیں جن کے بارے میں محکمہ صحت کو اطلاع دی جا چکی ہے اسی طرح سائیکل سٹینڈ اور دیگر بے ضابطگیوں کے بارے میں ہسپتال کے ایڈمن آفیسر عمر بھی جواب دینے میں لیت و لعل سے کام لیتے رہے اورانہوں نے ہسپتال میں مریضوں کی سہولیات اور ادویات بارے مزید اقدامات اٹھانے کا وعدہ کیا۔
گھپلے