مسلم لیگ ن کے وفد کی سیکریٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات،انتخابات کے حوالے سے تحفظات سے تحریری طور پر آگاہ کیا

مسلم لیگ ن کے وفد کی سیکریٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات،انتخابات کے حوالے سے ...
مسلم لیگ ن کے وفد کی سیکریٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات،انتخابات کے حوالے سے تحفظات سے تحریری طور پر آگاہ کیا

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن کے وفد نے سیکریٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان سے ملاقات کی جس میں مسلم لیگ ن نے الیکشن کمیشن کو اپنے تحفظات سے تحریری طور پر آگاہ کردیاہے۔

نجی ٹی وی چینل” جیونیوز“ کے مطابق مسلم لیگ ن کے وفد نے سیکریٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کی ،وفد میں مریم اورنگزیب، سینیٹر چودھری تنویر اور سردار یعقوب ناصر شامل تھے،وفد نے الیکشن کمیشن کو اپنے تحفظات سے تحریری طور پر آگاہ کیا ،سیکرٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عام انتخابات2018 سے متعلق کافی تحفظات تھے، عام انتخابات میں فارم 45 میں تاخیر کی گئی،اب ضمنی الیکشن میں فارم 45 کو کیسے دیکھا جا رہا ہے، مسلم لیگ ن نے تحفظات سے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا، ضمنی انتخابات کے موقع پرشہباز شریف کی گرفتاری پر تحفظات کا اظہار کیا، شہبازشریف کی گرفتاری سے متعلق درخواست پر الیکشن کمیشن نوٹس لے گا،الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق تشکیل دیاہے ، مانیٹرنگ ٹیمیں بھی بنائی ہیں، جہاں پرضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہو وہاں الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے،الیکشن کمیشن آف پاکستان سے بیرون ملک مقیم پاکستانی ووٹرز کی فہرست سے متعلق بھی پوچھا ہے۔

اس موقع پر سینیٹر چودھری تنویر نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی وزیر ریلوے حلقے میں اپنے بھتیجے کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں،وفاقی وزیر لوگوں کو نوکریوں کا جھانسا دے کر فارم بانٹ رہے ہیں، الیکشن کمیشن نے ان کے خلاف صرف نوٹس کی حد تک کارروائی کی ہے، یہ تمام تر پری پول دھاندلی کا منصوبہ ہے۔

مزید : قومی