پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا ،بین الاقوامی تجارت کے فروغ کیلئے امن کا قیام ضروری ہے، شاہ محمود قریشی
دوشنبے(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی تجارت کے فروغ کو یقینی بنانے کے لیے امن کا قیام بہت ضروری ہے،علاقائی اختلافات دہشت گردی بڑے چیلنجز ہیں جن پر بات ہونی چاہیے۔
نجی ٹی وی چینل” جیونیوز“ کے مطابق تاجکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر پر بھرپور اعتماد رکھتا ہے اور ایس سی او کے چارٹر پر عمل درآمد کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتا ہے،ہم مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے آپس تعلقات پر یقین رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہم نئے پاکستان کا سفر شروع کر رہے ہیں، ہم رکن ملک کی حیثیت سے اپنے مشترکہ اہداف حاصل کرنے کے لئے پہلے سے بڑھ کر کردار ادا کریں گے،پاکستان نے دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا ہے، حال ہی میں پاکستان نے دنیا کا سب سے بڑا اور مو¿ثر انسداد دہشتگردی آپریشن کیا،علاقائی اختلافات دہشت گردی بڑے چیلنجز ہیں جن پر بات ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے تجربے سے استفادہ حاصل کر سکتا ہے،پاکستان اپنی بندرگاہوں اور شاہراہوں کے ذریعے وسطی ایشیا کو مختصر ترین راستے کی صورت میں سمندر تک رسائی دینے کے لئے پرعزم ہے، میں پہلے کی طرح پھر تجارت، نقل و حمل اور توانائی تعاون کے سلسلے میں شہنگائی تعاون تنظیم پاکستان کاریڈور کے قیام کی اہمیت پر زور دوں گا۔