پنجاب یونیورسٹی میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی

پنجاب یونیورسٹی میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی

لاہور(لیڈی رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں پنجاب یونیورسٹی لیبارٹری ہائی سکول کے طلباء و طالبات کی بڑی تعداد، اساتذہ اور انتظامی افسران نے شرکت کی۔ ریلی میں بچوں نے آزاد کشمیر کا قومی ترانہ پڑھا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا دورہ چین مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کارگر ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا کشمیریوں کو ان کا حق دلانے کے لئے دیگر ممالک کا دورہ مثبت نتائج سامنے لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے معاملے میں ہماری سفارتی کوششیں کامیاب ہوتی نظر آ رہی ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عمل کرائے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری نے کشمیریوں کی مشکلات کم کرنے کے لئے کوئی سنجیدہ اقدام نہیں کیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات اور ادویات میسر نہیں اور لوگ اپنے مردوں کو گھروں میں دفن کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام حکومت، فوج اور کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ 

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...