نئی نسل کو قائد اعظمؒ کی حیات و خدمات سے آگاہی دی جائے،میاں افضل
لاہور (پ ر) با نیئ پاکستان کی زندگی کھلی کتاب کی طرح ہے جس کے ہر ورق پر سچائی و بیباکی روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ قائداعظمؒ کی حیات وخدمات سے نئی نسل کو آگہی فراہم کرنے کیلئے آسان الفاظ میں نئی کتب کی تصنیف وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کااظہار مصنف ودانشور میاں محمد افضل نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں اپنی تصنیف ”میر کارواں“ سیکرٹری نظریہئ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید کو پیش کرتے ہوئے کیا۔ میاں محمد افضل نے کہا کہ یوں تو قائداعظمؒ کی بہت سی بائیو گرافی لکھی جا چکی ہیں تاہم ایک ایسی بائیو گرافی کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی جو مستند ہو اورجس کے ذریعے قائداعظمؒ کا وژن بہترین انداز میں قوم کے سامنے آجائے۔ یہ کتاب محض واقعات کی ترتیب کا نام نہیں بلکہ اسناد کے ساتھ حقائق عوام کے سامنے پیش کیے گئے ہیں۔ اس کتاب میں قائداعظمؒ کے ہم عصر رہنماؤں کی آراء بھی شامل کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا دو جلدوں پر مشتمل یہ کتاب 1700صفحات پر مشتمل ہے اور اسے لکھنے و ترتیب دینے میں سات سال کا عرصہ لگا ہے۔اس کتاب کے ذریعے میں نے کوشش کی ہے کہ بابائے قوم کی زندگی کے تمام گوشوں کو منظر عام پر لایا جائے۔ شاہد رشید نے تصنیف کی اشاعت پر میاں محمد افضل کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نسلِ نو کو قائداعظمؒ کی حیات وخدمات سے آگاہ کرنے کیلئے یہ ایک بہترین کاوش ہے۔ جو کام اداروں کے کرنیوالا تھا وہ میاں افضل نے تنہا ہی کر دکھایا ہے۔ اس کتاب کی تقریب رونمائی بہت جلد ایوان قائداعظمؒ میں منعقد کی جائیگی۔