ملزمان کی عدم حاضری، یوسف رضا گیلانی پرفرد جرم کی کارروائی ملتوی
اسلام آباد (آئی این پی) اشتہاروں کے غیر قانونی ٹھیکوں کے ریفرنس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پر فرد جرم کی کارروائی ملزمان کی حاضری مکمل نہ ہونے کے باعث 31اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کیخلاف اشتہارات کے غیرقانونی ٹھیکوں کے ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔ کراچی جیل میں قید ملزم انعام اکبر کو عدالت پیش نہ کیا جا سکا۔ یوسف رضا گیلانی کی جگہ ان کے نمائندے عدالت میں پیش ہوئے۔ ملزمان کی حاضری مکمل نہ ہونے کی وجہ سے فرد جرم کی کارروائی 31 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔ عدالت نے 31 اکتوبر کو آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ یاد رہے یوسف رضا گیلانی کے خلاف دائر نیب ریفرنس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے اپنے دور میں من پسند افراد کو نوازنے کے لئے اشتہارات کے غیر قانونی ٹھیکے دیکر خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما 25 مارچ 2008 کو وزیراعظم منتخب ہوئے تھے، انہیں سپریم کورٹ کی جانب سے 12 اپریل 2012 کو نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔
یوسف رضا گیلانی