چیف آف نیول اسٹاف کی آسٹریلیا میں منعقد سی پاور کانفرنس میں شرکت

چیف آف نیول اسٹاف کی آسٹریلیا میں منعقد سی پاور کانفرنس میں شرکت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی 08-10 اکتوبر تک آسٹریلیا کے سرکاری دورے پر تھے۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے حالیہ دورے کے دوران سڈنی میں منعقد انڈو پیسیفک سی پاور کانفرنس میں شرکت کی اور مختلف ممالک کی بحری افواج کے سربراہان سے باہمی دلچسپی کے امور پر گفت و شنید کی۔ انڈو پیسیفک سی پاور کانفرنس ایک کثیر الملکی تین روزہ کانفرنس ہے جس میں سات مختلف بین الاقوامی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔ یہ کانفرنس ہر دو سال بعد ہونے والی بین الاقوامی میری ٹائم ایکسپوزیشن کے ساتھ منعقد کی جاتی ہے۔ سی پاور کانفرنس کے دوران آسٹریلین ریسرچ انسٹیٹیوٹ،تھنک ٹینکس اور بین الاقوامی بحری افواج کی جانب سے مقالے بھی پیش کیے گئے۔کانفرنس میں 80 سے زائد ممالک کے وفود نے شرکت کی، جن میں سے 35 وفود میں ان ممالک کی بحریہ کے سربراہان اور سینئر نیول افسران بھی شامل ہیں۔سی پاور کانفرنس کے افتتاحی اجلاس کے علاوہ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے سی پاور کانفرنس کے دیگر اجلاسوں میں بھی شرکت کی۔کانفرنس کے دوران نیول چیف نے آسٹریلوی، برونائی اور فلپائنی بحریہ کے سربراہان سے دو طرفہ ملاقاتوں کے علاوہ بین الاقوامی بحری افواج کے سربراہان سے بات چیت کی۔ ان ملاقاتوں میں باہمی مفادات اور دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے کثیر ملکی میری ٹائم فورس میں پاک بحریہ کی شرکت اور خطے میں میری ٹائم سیکورٹی میں معاونت کے لیے پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سیکورٹی پیٹرول جیسے اقدامات کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا۔نیول چیف کا حالیہ دورہ بالعموم دونوں ممالک اور بالخصوص دونوں بحریہ کے مابین دوطرفہ معاونت میں اضافے کے لیے سودمند ثابت ہوگا۔