وفاقی حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہوچکی ہے،شاہ محمد شاہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے صدرشاہ محمدشاہ، میڈیا کوآرڈی نیٹرخالد شیخ اور ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری شہباز شیخ نے کہا ہے کہ چوہدری شوگر ملز کیس میں میاں نواز شریف کی گرفتاری سے ثابت ہوگیا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہوچکی ہے۔قائد مسلم لیگ (ن)کی جانب سے مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ کی حمایت نے حکمرانوں کی نیندیں اڑا دی ہیں۔جج وڈیو اسکینڈل سے بے گناہی ثابت ہونے کے بعد اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرکے عمران خان نے ثابت کردیاہے کہ ان کے اندر پرویز مشرف اور جنرل ضیاء الحق روح سما گئی ہے۔اس طرح کے اقدامات سے مسلم لیگ (ن)کو کمزور نہیں کیاجاسکتا ہے۔جمعہ کو جاری بیان میں مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ پانامہ سے چوہدری شوگر ملز کیس تک نواز شریف کو اصولی موقف پر ڈٹے رہنے کی سزا دی جارہی ہے۔شریف خاندان کے ایک بھی فرد پر آج تک ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی ہے اور نہ ہی آئندہ ہوگی۔ملک میں جمہوری آمرانہ ادوار میں بھی سیاسی مخالفین کو اس طرح انتقامی کارروائیوں کا نشانہ نہیں بنایا گیا،جس طرح عمران خان کے دورحکومت میں بنایاجارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ”تقریراعظم“ نے کشمیریوں کے خون کا سودا کرلیا ہے اور اب اس سودے بازی کو چھپانے کے لیے اپوزیشن کے خلاف اس طرح کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔نواز شریف کی گرفتاری مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ کو ناکام بنانے کی کوشش ہے۔حکومت نہیں چاہتی تھی کہ مولانا فضل الرحمن،میاں نواز شریف کے ساتھ رابطے میں رہیں