پاکستان میں فٹبال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، جاپانی سفیر
کراچی(اسٹاف رپورٹر) مارٹا وومن فٹبال کلب کے صدر رئیس خان اور سرپرست اعلیٰ مصطفی کمال فاروقی نے مقامی ہوٹل میں جاپان کے سفیر کونینوری (ماٹز) ماٹسوڈا (Kuninori (Matz) Matsuda) اور قونصل جنرل ٹوشیکازو آئیسومورا (Toshikazu Isomura) سے ملاقات کی اور فٹبال اسپورٹس اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر رئیس خان نے انہیں بتایا کہ مارٹا وومن فٹبال کلب وومن امپاورمنٹ کے جذبے اور اسکول و کالج یونیورسٹی کی طالبات کے فٹبال سے لگاؤ کے پیش نظر 2011 میں بنایا گیا تھا جو فٹبال و دیگر اسپورٹس کی سرگرمیوں کیلئے اورننس پروگرام، لیکچر، سیمینار اور فٹبال ٹورنامنٹس کا انعقاد کرتا ہے۔ اس موقع پر جاپان کے سفیر کونینوری (ماٹز) ماٹسوڈا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ اگر کولیفائڈ کوچز کے ذریعے خواتین کھلاڑیوں کو بہتر تربیت کی جائے تو یہ فٹبال کے شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتی ہیں۔ قونصل جنرل جاپان ٹوشیکازو آئیسومورا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فٹبال دنیا بھر میں سب سے زیادہ کھیلا جانے والا اسپورٹس ہے۔ مارٹا وومن فٹبال کلب کے سرپرست اعلیٰ مصطفی کمال فاروقی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فٹبال اسپورٹس خواتین کھلاڑیوں کو متحرک رکھنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ کلب کے صدر رئیس خان نے کہا کہ جلد ہی فٹبال ٹورنامنٹ کا میگا ایومنٹ منعقد کیا جائیگا۔ اس موقع پر جاپان کے سفیر کو ایم ڈبلیو ایف سی کا سوینئر، بیچ، فلیگ بھی پیش کیا گیا۔