امریکہ،انڈیا اور اسرائیل مسلمانوں کو لڑانا چاہتے ہیں،عاکف سعید

امریکہ،انڈیا اور اسرائیل مسلمانوں کو لڑانا چاہتے ہیں،عاکف سعید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(نمائندہ خصوصی)سعودی عرب ایران تنازعہ میں پاکستان کا ثالتی کا کردار انتہائی خوش آئند ہے یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے ایک بیان میں کہی۔ اُنھوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں خصوصاً امریکہ، اسرائیل اور انڈیا کا ابلیسی اتحادِ ثلاثہ مسلمان ممالک کوآپس میں لڑا کر اپنے مذموم عزائم کی تکمیل چاہتا ہے اور بدقسمتی سے مسلم حکمران اپنی لا علمی اور نا اہلی کی وجہ سے ان کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں اور خود ہی اُمت کے اجتماعی مفادات کے خلاف سرگرم ہیں۔ ہمارے نزدیک پاکستان کو ثالثی کے اس کردار کے لیے بہت جانفشانی سے کوشش اور محنت کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس وقت امت کے اتحاد میں ہی پاکستان کا مفاد بھی مضمرہے۔ حقیقت یہ ہے کہ مسلمان ممالک متحد ہو کر ہی اسلام دشمن قوتوں کے عزائم کو خاک میں ملا سکیں گے۔ شام کی تازہ ترین صورتِ حال اور ترکی کی طرف سے شام میں جاری فوجی آپریشن پر تبصرہ کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں نے شام میں خانہ جنگی اور انتشار پیدا کرکے بہت حد تک اپنے مقاصد حاصل کرلیے ہیں اور مزید مذموم مقاصد کے حصول کے لیے وہاں اب مسلم ممالک کو آپس میں اُلجھانا اور لڑانا چاہتی ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ ہم ترکی کی حکومت کو مسلمان ہونے کے ناطے مشورہ دیں گے کہ وہ اپنے مسلم کرد بھائیوں کے حوالے سے عفو ودرگزر سے کام لیں اوراندھی طاقت کے استعمال کی بجائے بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل ڈھونڈیں۔ حقیقت یہ ہے کہ غیر مسلم قوتوں خصوصاً امریکہ اور اسرائیل کا کسی بھی معاملے میں اعتبار نہیں کیا جا سکتا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم ممالک آپس میں اتحاد و اتفاق پیدا کریں تاکہ غیروں کی سازشوں کاموثر مقابلہ کرسکیں اور بحیثیت مسلمان اپنے اصل نصب العین یعنی اسلامی نظام کے قیام کی بھرپور جدوجہد کریں تاکہ اللہ تعالیٰ کی تائید اور نصرت شامل حال ہواور ہم دنیا و آخرت میں سرخرو ہو سکیں۔