باصلاحیت نوجوان بیروزگاری کی وجہ سے ضائع ہو رہا ہے،ذکر اللہ مجاہد
لاہور (پ ر) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ باصلاحیت نوجوان مسائل اور بے روزگاری کی وجہ سے ضائع ہورہا ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ نوجوانوں کی اسلامی تعلیمات کے مطابق تربیت کرتے ہوئے انہیں مسائل وپریشانیوں سے نجات دلاکر تعلیم کے راستے پر ڈالنا چاہتی ہے۔ کامیابی ترقی اور خوشحالی کا راستہ دینی وعصری تعلیم کا حصول ہے۔اسلامی جمعیت طلبہ کا سی لاہور کا پروگرام نوجوان طلبہ کیلئے فکری و نظریاتی تربیت کا حامل ثابت ہو گاان خیالات کا اظہار انہوں نے سی لاہور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور حافظ ذلنون، نائب امیر جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد، سابق ناظم اسلامی جمعیت طلبہ عمیر ادریس، سابق ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور جبران بٹ سمیت بڑی تعداد میں طلبہ رہنماوں نے شرکت کی۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ انسان کی سب سے بہتر تربیت اس کی جوانی میں ہی ہوتی ہے۔کیونکہ جوانی میں ہی اچھائی اور برائی کی جنگ اپنے عروج پر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی پسماندگی ختم کرنے میں اسلامی جمعیت طلبہ کی بہت سی خدمات ہیں۔نیک اور باکردار نوجوان ہی ملک و قوم کا سرمایہ ہیں ملکی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کا کلیدی کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے اس لیے نوجوان پڑھائی اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے اپنے اندر چھپی صلاحیتوں کو تلاش کریں۔